QR CodeQR Code

برطانیہ میں شہید الحسینی کی برسی، علامہ ناصر عباس جعفری کا ٹیلیفونک خطاب

21 Jul 2012 22:35

اسلام ٹائمز: امامینز برطانیہ کے زیر اہتمام شہید الحسینی رہ کی برسی سے خطاب میں ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری جنرل نے علامہ عارف الحسینی کو کربلا کا عاشق قرار دیتے ہوئے ان کے نقش قدم پر چلنے کی ضرورت پر زور دیا۔


رپورٹ: نذیر علی ناظر

امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے سابق اراکین کی تنظیم امامینز برطانیہ کے زیراہتمام شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی رہ کی 24 ویں برسی کی تقریب ادارہ جعفریہ لندن میں منعقد کی گئی، جس میں ڈائریکٹر اسلامک سینٹر آف انگلینڈ نمائندہ ولی فقیہہ آیت اللہ موعزی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ دیگر اہم شرکاء میں صدر مجلس علمائے شیعہ یورپ مولانا علی رضا رضوی، مولانا حسن رضوی، ہندوستان کے مشہور شاعر پیام اعظمی، صدر امامینز برطانیہ ملک ابرار طاہر، امامینز خواتین ونگ سے مستجاب زہرہ، شعیان حیدر، رضوان رضوی اور مرکزی جنرل سیکرٹری امامینز برطانیہ وجاہت حسین نقوی شامل تھے۔
 
اس کے علاوہ لندن، برمنگھم، مانچیسٹر، بریڈ فورڈ اور اسکاٹ لینڈ سے امامینز سمیت بحرین اور عراق کے جوانوں کی بڑی تعداد نے بھی اس عظیم تقریب میں شرکت کی اور عاشقان شہید الحسینی رہ سے اظہار یکجہتی کیا۔ اس موقع پر وڈیو لنک کے ذریعے سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین علامہ ناصر عباس اور علامہ شفقت شیرازی نے بھی خطاب کیا۔ 

زمانہ طالب علمی سے انقلابی
آیت اللہ موعزی نے کہا کہ شہید عارف حسین الحسینی رہ نہایت سعادت مند، غیور، عالم اور جہاد سے محبت رکھنے والے رہنما تھے۔ انہوں نے کہا کہ شہید الحسینی نے زمانہ طالبعلمی سے ہی اپنی انقلابی زندگی کا آغاز کیا اور انہیں امام خمینی رہ کی ہمیشہ تائید حاصل رہی۔ پھر جب ان کی 5 اگست 1988ء کو پشاور میں شہادت ہوئی تو رہبر کبیر نے کہا کہ وہ اپنے بیٹے سے محروم ہوگئے ہیں۔ 

شیعہ سنی تفرقہ پیدا کرنے والا اغیار کا ایجنٹ
اس موقع پر مولانا حسن رضوی نے کہا کہ عظیم شہید نے اسلام کی راہ پر اپنی جان قربان کر دی اور ملت اسلامیہ پاکستان ہی نہیں، پوری دنیا کے مسلمانوں کے لئے ان کا دل تڑپتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام اتحاد کا دین ہے جو کوئی شیعہ اور سنی میں تفریق پیدا کرتا ہے وہ اغیار کا ایجنٹ ہے۔ 

وحدت کی علامت
ابرار طاہری کا کہنا تھا کہ علامہ عارف حسین الحسینی رہ پاکستان کی تمام تنظیموں کے لیے نہایت ہی شفیق باپ کا درجہ رکھتے تھے اور اب بھی پاکستان میں شیعہ وحدت کی علامت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید الحسینی رہ نے جو سیاسی منشور پیش کیا اور ایم آر ڈی کے پلیٹ فارم سے ضیاءالحق کی فوجی آمریت کے ظالمانہ دور میں علم بغاوت بلند کیا، وہ اپنی مثال آپ ہے۔ 

مشعل راہ
ابرار طاہری کا کہنا تھا کہ علامہ عارف حسین الحسینی کی سیاسی جدوجہد جمہوریت اور اسلام پسندوں کے لئے مشعل راہ ہے۔ ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری کی قائدانہ صلاحیتوں کو سلام پیش کرتے ہوئے انہوں نے برطانیہ کے امامینز پر زور دیا کہ وہ مجلس وحدت مسلمین سے تعاون کریں۔ 

عاشق کربلا

ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے لاہور سے وڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اہل تشیع پر پاکستان میں ہر قسم کے مظالم ڈھائے گئے، ہم نے مقابلہ کیا ہمت نہیں ہاری، ہم ہر ظالم کے خلاف ہیں چاہے وہ شیعہ ہی کیوں نہ ہو۔ شہید الحسینی رہ کو کربلا اور حضرت امام حسین علیہ السلام کا عاشق قرار دیتے ہوئے انہوں نے علامہ عارف الحسینی کے نقش قدم پر چلنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہادت شیعہ کے لیے فخر ہے۔ 

اتحاد امت
وڈیو لنک کے ذریعے اپنے خطاب میں ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری امور خارجہ علامہ شفقت حسین شیرازی نے کہا کہ یہ وقت ولی امرالمسلمین آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی قیادت میں سب مسلمانوں کے متحد ہونے کا ہے۔ انہوں نے کہا شہید قائد کو دشمنوں نے ہم سے چھین لیا کہ شاید شیعہ دب جائیں گے، مگر امریکہ اور اس کے حواریوں کو سخت مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔ 

شیعہ وحدت
سید علی رضا رضوی نے کہا کہ امام خمینی رہ روس کے افغانستان پر حملے کے بعد شدید افسردہ اور غصے میں تھے۔ وہ چاہتے تھے کہ افغانیوں کو اپنے فیصلوں کا حق دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سی آئی اے کے ریکارڈ کے مطابق پاکستان میں ساڑھے چار کروڑ شیعہ آبادی ہے، اس قوت کو متحد کرنے کی ضرورت ہے۔ 

اسٹیج ڈرامہ
اس موقع پر علی حسینی، ایمن قبا اور ان کی ٹیم نے مسلمانوں میں اتحاد پیدا کرنے کے لئے ایک اسٹیج ڈرامہ بھی پیش کیا۔


خبر کا کوڈ: 180904

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/180904/برطانیہ-میں-شہید-الحسینی-کی-برسی-علامہ-ناصر-عباس-جعفری-کا-ٹیلیفونک-خطاب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org