QR CodeQR Code

وزیراعلیٰ پنجاب کا مساجد اور امام بارگاہوں کی فول پروف سکیورٹی کا حکم

22 Jul 2012 17:47

اسلام ٹائمز:وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے خصوصی اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سستے رمضان بازاروں اور مارکیٹوں میں بھی سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے جائیں، پولیس فورس کو خصوصی تربیت دلائی جائے۔


اسلام ٹائمز۔ صوبے میں امن و امان کی صورت حال کا جائزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ اور قیام امن کے لئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لا رہی ہے جبکہ پولیس فورس کو جدید اسلحہ سے لیس کرنے اور اس کی جدید تربیت کا اہتمام کیا گیا ہے، پرامن اور محفوظ معاشرے کے قیام کے بغیر ترقی اور خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا، معاشرے سے جرائم کے خاتمے اور مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لئے پولیس اپنے فرائض جانفشانی سے سرانجام دے۔

انسپکٹر جنرل پولیس حاجی حبیب الرحمن نے جرائم کے خاتمے کیلئے کئے گئے اقدامات اور امن امان کی صورت حال کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی محمد شہباز شریف نے کہا کہ پولیس فورس کی استعدادکار بڑھانے کے لئے ترکی کی پولیس کے تعاون سے پولیس افسران کو جدید تربیتی کورس کرائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جدید تربیتی کورسز کیلئے ایسے افسران کو منتخب کیا جائے جو ان میں دلچسپی اور متعلقہ فیلڈ کا تجربہ رکھتے ہوں۔ انہوں نے انسپکٹر جنرل پولیس کو ہدایت کی کہ رمضان المبارک کے دوران مساجد اور امام بارگاہوں کی سکیورٹی کے لئے فول پروف انتظامات کئے جائیں جبکہ سستے رمضان بازاروں میں بھی سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے جائیں تاکہ شہری بلاخوف و خطر ماہ مقدس میں اشیائے ضروریہ کی خریداری کر سکیں۔

وزیراعلی پنجاب نے مارکیٹوں اور بازاروں میں وارداتوں کی روک تھام کے لئے سکیورٹی کے انتظامات کو مزید بہتر بنانے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور بدامنی کی آگ نے ملک کی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کیلئے پوری قوم کو متحد ہو کر اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو فوری اور سستے انصاف کی فراہمی یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کیلئے کریمنل جسٹس سسٹم کو بہتر بنانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ مقدمات کو جلد نمٹانے اور مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچانے کے لئے پراسیکیوشن کے نظام کو بہتر بنانے اور متعلقہ محکموں کے درمیان مربوط اور موثر رابطے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے ہوم سیکرٹری کو ہدایت کی کہ وہ سیکرٹری پراسیکیوشن اور آئی جی پولیس کے ساتھ مل کر زیرالتواء مقدمات جلد نمٹانے کیلئے ورکنگ پیپر تیار کریں تاکہ انصاف کی فراہمی میں حائل رکاوٹیں جلد سے جلد دور ہوں اور لوگوں کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں 100 ماڈل تھانے بنائے جا رہے ہیں جہاں پر ایف آئی آر کے اندراج سے لیکر چالان تک کے مراحل شفاف اور تیز رفتاری سے مکمل ہوں گے۔ وزیراعلی نے آئی جی کو ہدایت کی کہ پولیس کو سمارٹ اور انٹیلی جنٹ فورس بنانے کے لئے ان کی تربیت کا ایک جامع پروگرام وضع کریں۔

انسپکٹر جنرل پولیس حاجی حبیب الرحمن نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب پولیس اور ترک پولیس کے مابین تعاون کے معاہدے کے تحت پنجاب پولیس کے افسران کو 17 مختلف تربیتی کورس کرائے جا رہے ہیں، پولیس افسران کو ایڈوانس فیلڈ آپریشن اور انسداد دہشت گردی کے کورس ترکی سے کرائے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عوام کے مسائل کے حل اور ان کی شکایات کے ازالے کے لئے صوبہ بھر میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے جبکہ نچلی سطح پر عوام کی شکایات کے ازالے کیلئے مصالحتی کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں اور عوام کا رد عمل جاننے کیلئے فیڈ بیک سسٹم بھی بنایا گیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 181182

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/181182/وزیراعلی-پنجاب-کا-مساجد-اور-امام-بارگاہوں-کی-فول-پروف-سکیورٹی-حکم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org