QR CodeQR Code

رمضان میں مہنگائی کے پسے عوام سے من مانی قیمتیں وصول کی جارہی ہیں، ثروت اعجاز قادری

22 Jul 2012 20:22

اسلام ٹائمز:اہلسنت خدمت فاؤنڈیشن کے ذمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے پی ایس ٹی کے سربراہ نے کہا کہ رمضان المبارک تقویٰ، تزکیہ نفس اور ایک دوسرے کی مدد کرنے کا درس دیتا ہے، اہلسنت خدمت فاؤنڈیشن بلا تفریق رنگ و نسل مظلوم غریب عوام کی امداد کیلئے ہر ممکن جدوجہد کر رہی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں مہنگائی، بیروزگاری کے پسے عوام سے من مانی قیمتیں وصول کی جا رہی ہیں۔ حکومتی دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں، ذخیرہ اندوزوں، منافع خوروں کو کوئی روکنے والا نہیں، کراچی میں حالات قابو میں ہیں کہ دعویدار دیکھ لیں رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں بھی دہشتگردی کو نہیں روکا جاسکا ہے۔ امن کی بانسری بجانے سے امن قائم نہیں ہوگا عملی اقدامات کرنے ہونگے۔ حکومت سندھ کا پرائس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ بتائے کہ اشیاء ضرورت پر من پسند قیمتیں کیوں وصول کی جارہی ہیں۔ اہلسنت خدمت فاؤنڈیشن کے تحت پورے ملک میں غریبوں، یتیموں، مسکینوں میں راشن تقسیم کیا جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ قادری ہاؤس پر اہلسنت خدمت فاؤنڈیشن کے ذمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک تقویٰ، تزکیہ نفس اور ایک دوسرے کی مدد کرنے کا درس دیتا ہے، اہلسنت خدمت فاؤنڈیشن بلا تفریق رنگ و نسل مظلوم غریب عوام کی امداد کیلئے ہر ممکن جدوجہد کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی منفی پالیسیوں سے ہونیوالی معاشی بدحالی سے عوام پریشان حال اور غربت کی لکیر سے نیچے کی زندگی گزارنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک امن، سلامتی، رواداری اور صبر کا مہینہ ہے، حکومت کو اس مقدس مہینے میں قیام امن کیلئے ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے، زبانی جمع خرچ کے بجائے عملی اقدامات کے ساتھ دہشتگردوں کی گرفتاری کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان سنی تحریک ہر مثبت فیصلے کی حمایت کریگی اور محب وطن قوتوں کے ساتھ مل کر قیام امن کیلئے ہر ممکن کوشش کرے گی۔


خبر کا کوڈ: 181222

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/181222/رمضان-میں-مہنگائی-کے-پسے-عوام-سے-مانی-قیمتیں-وصول-کی-جارہی-ہیں-ثروت-اعجاز-قادری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org