QR CodeQR Code

سپریم کورٹ نے خانیوال میں سنگسار کی جانے والی خاتون کے واقعہ پر ازخود نوٹس نمٹا دیا

23 Jul 2012 19:16

اسلام ٹائمز:عدالت نے حکومت کو ہدایت کی ہے کہ تین دن میں غفلت کے مرتکب افسران کے خلاف کارروائی کر کے رپورٹ رجسٹرار آفس میں جمع کرائی جائے۔


اسلام ٹائمز۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے خانیوال میں خاتون کی ہلاکت کے واقعہ پر ازخود نوٹس کی سماعت کی۔ عدالت نے مقدمہ نمٹاتے ہوئے قرار دیا کہ یہ کراچی میں رینجرز کے ہاتھوں سرفراز شاہ نامی نوجوان کی ہلاکت جیسا معاملہ ہے، بظاہر غریب خاتون کے قتل کی منصفانہ تفتیش نہیں ہوئی۔ عدالت نے پولیس کا یہ مؤقف مشکوک قرار دیا کہ مریم کو اس کے شوہر سرفراز نے قتل کیا۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ڈی پی او کی دو رپورٹوں میں واضح تضاد ہے جبکہ ڈیتھ رپورٹ، پوسٹ مارٹم رپورٹ اور سرفراز کے اعترافی بیانات بھی پولیس کے دعوے کی تائید نہیں کرتے۔

اس سے پہلے آئی جی پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ مریم کو شوہر نے اسے قتل کیا، سرفراز نے جس اینٹ سے مریم کو مارا اور وہ رسی جس سے اس کو پھندا دیا گیا دونوں مل گئے ہیں۔ اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق مریم کے شوہر کو ملزمان ساتھ لے گئے تھے، ان کے دونوں بیانات میں تضاد ہے۔ مقتولہ کے شوہر سرفراز کے والد صدیق نے عدالت کو بتایا کہ ان کے بیٹے کو گرفتار کر کے تشدد کیا گیا۔ اسے زبردستی قتل کیس میں ملوث کی جا رہا ہے۔

سپریم کورٹ نے ہدایت کی ہے کہ حکومت تین دن میں تمام متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی کر کے رپورٹ رجسٹرار کو بھجوائے ورنہ عدالت خود کوئی کارروائی کرے گی۔ عدالت نے آئی جی کو مریم اور سرفراز کے اہل خانہ کو تحفظ فراہم کرنے کا حکم بھی دیا۔


خبر کا کوڈ: 181485

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/181485/سپریم-کورٹ-نے-خانیوال-میں-سنگسار-کی-جانے-والی-خاتون-کے-واقعہ-پر-ازخود-نوٹس-نمٹا-دیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org