QR CodeQR Code

پیمرا اپنے فرائض کو مکمل طور پر نظر انداز کر چکا

چیف جسٹس میڈیا میں موجود گندی مچھلیوں کا احتساب کریں، سید منور حسن

23 Jul 2012 23:11

اسلام ٹائمز: امیر جماعت اسلامی پاکستان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ الیکٹرانک میڈیا پر فحاشی و عریانی کا ایک سیلاب ہے جس نے نوجوان نسل کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے سپریم کورٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ میڈیا میں موجود گندی مچھلیوں کا احتساب کیا جائے، جو لوگ کرپشن میں ملوث ہیں ان کے خلاف فوری طور پر ایکشن لیا جانا چاہیے اور سب کو ایک چھڑی سے ہانکنے کی بجائے مکمل طور پر صاف و شفاف تحقیقات کے بعد تعین کیا جانا چاہیے کہ کون کون اس دھندے میں ملوث ہے اور بہتی گنگا میں ہاتھ دھوتا رہا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کرپٹ اور بددیانت لوگوں کو بے نقاب کرنے کے لیے ضروری ہے کہ چیف جسٹس کرپشن کے خلاف دائر درخواستوں کا جائزہ لے کر ایک کمیشن مقرر کریں جو متعلقہ افراد کے خلاف الزامات کا جائزہ لے اور جن لوگوں پر الزامات ثابت ہوجائیں تو ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ سید منور حسن نے کہا کہ میڈیا کے افراد نے سپریم کورٹ میں اس بارے میں درخواستیں دائر کی ہیں اور مطالبہ کیا ہے کہ ان کے خلاف الزامات کی غیر جانبدار کمیشن سے تحقیقات کرائی جائیں، اگر وہ مجرم ثابت ہوں تو انہیں سخت سزا دی جائے بصورت دیگر الزام لگانے والوں کو کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔
 
انہوں نے کہا کہ میڈیا اپنے لیے کچھ اصول و ضوابط طے کرے اور قومی رہنمائی کا فریضہ ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ پیمرا اپنے فرائض کو مکمل طور پر نظر انداز کر چکا ہے، ملک بھر سے ناظرین کی سینکڑوں شکایات پر مبنی درخواستیں فائلوں میں گم ہو چکی ہیں، فحاشی و عریانی کا ایک سیلاب ہے، جس نے نوجوان نسل کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، مخرب اخلاق ڈراموں اور فحش اشتہاروں سے پتہ چلتا ہے کہ یہ کسی اسلامی ملک کے بجائے یہودی، نصرانی یا ہندو ملک کا میڈیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک میڈیا نے تو قومی اقدار کا جنازہ نکال دیا ہے، آدھے گھنٹے بعد نشر ہونے والے ہر خبر نامے میں بھارتی فلموں کے عریاں اور فحش ڈانس اور گانوں سے گھروں میں بیٹھ کر خبریں تک سننا محال ہو گیا ہے، سپریم کورٹ فوری طور پر اس خطرناک رجحان کا نوٹس لے اور ذمہ دار اداروں کا محاسبہ کرے تاکہ قومی تہذیب و تمدن کو تباہ ہونے سے بچایا جاسکے۔


خبر کا کوڈ: 181527

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/181527/چیف-جسٹس-میڈیا-میں-موجود-گندی-مچھلیوں-کا-احتساب-کریں-سید-منور-حسن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org