0
Monday 23 Jul 2012 23:41

پاکستان اور ایران کے خلاف خفیہ جنگ بلوچستان میں لڑی جا رہی ہے، صاحبزادہ فضل کریم

پاکستان اور ایران کے خلاف خفیہ جنگ بلوچستان میں لڑی جا رہی ہے، صاحبزادہ فضل کریم
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل کے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ پاکستان دشمن عالمی قوتوں نے پاک فوج کو ٹارگٹ کر رکھا ہے، قوم فوج کے شانہ بشانہ دفاع وطن کی جنگ لڑے گی، پاکستان اور ایران کے خلاف خفیہ جنگ بلوچستان میں لڑی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپٹ افراد کو سیاست بدر کئے بغیر انتخابات کا کوئی فائدہ نہیں، عوام نواز شریف اور آصف زرداری کی باریوں سے تنگ آ چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرپٹ افراد کا کڑا احتساب قوم کی آواز ہے، 26 ممالک کی ایجنسیاں بلوچستان میں سرگرم ہیں، پچھلے 10 سال سے امریکی فوجیں افغانوں کا قتل عام کر رہی ہیں، کراچی کے 2 کروڑ شہری دہشت گردوں کے رحم و کرم پر ہیں، پچھلے 4 برس میں کراچی میں اتحادی حکومت ٹارگٹ کلنگ ختم نہیں کر سکی، مخصوص طاقتیں پاکستان کو اپنے ہمسایہ اور دوست ممالک کے ساتھ لڑانا چاہتی ہیں جس کے لئے وہ ایجنڈا لے کر مصروف عمل ہیں۔

صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ قوم کی لوٹی ہوئی دولت قومی خزانے میں واپس لا کر ملکی معیشت مضبوط ہو سکتی ہے، سیاسی اثر و رسوخ کے ذریعے معاف کروائے گئے اربوں روپے کے قرضے واپس لئے جائیں اور سیاست میں حصہ لینے کے لیے اپنے اثاثے پاکستان میں واپس لانے کا قانون بنایا جائے، امریکہ کے ساتھ خفیہ معاہدے عوام کے سامنے پیش کئے جائیں۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ امریکہ، بھارت اور اسرائیل کی پاکستان دشمنی کا مقابلہ قومی اتحاد سے ہی ممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ میں ایک تقریب کے دوران فائرنگ سے 14 افراد کی ہلاکت سے ثابت ہو گیا ہے کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا، اب امریکہ کی آنکھیں کھل جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر امریکہ میں فلمی تقریب کے دوران فائرنگ کرنیوالا مسلمان ہوتا تو پوری دنیا میں شور مچ چکا ہوتا اور پوری دنیا اسلام کو بدنام کرنے میں لگ جاتی لیکن چونکہ اب گھر کا ملزم ہے اس لئے سب کو چپ لگ گئی ہے اس رویے سے ہی مسلم امہ کو سوچنا چاہیے اور اتحاد کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
خبر کا کوڈ : 181547
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش