0
Thursday 7 Jan 2010 15:07

سانحہ کراچی کی تحقیقات کے لیے عدالتی ٹریبونل بنایا جائے،شیعہ علماء و اکابرین کا گورنر سندھ سے مطالبہ

سانحہ کراچی کی تحقیقات کے لیے عدالتی ٹریبونل بنایا جائے،شیعہ علماء و اکابرین کا گورنر سندھ سے مطالبہ
کراچی:امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن سندھ کے ذمہ داران نے علمائے کرام کے ہمراہ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد سے سانحہ عاشورہ کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال کے حوالے سے ملاقات کی،وفد میں علامہ عباس کمیلی،مولانا حسن ظفر نقوی،مولانا مرزا یوسف،آئی ایس او سندھ کے ذمہ دار علی رضا،کراچی کے صدر زین انصاری اور سیکرٹری جنرل علی عابدی شامل تھے،ملاقات میں وفد نے اس بات پر زور دیا کہ سانحہ عاشورہ کی منصفانہ تحقیقات جلد از جلد مکمل کی جائیں اور بہتر ہے کہ سپریم کورٹ کے ججز پر مشتمل تحقیقاتی ٹریبونل بنایا جائے،وفد نے اس بات کا اظہار کیا کہ مذہبی اجتماعات میں دہشت گردی اور شرپسندی پھیلانے والوں کا کسی بھی دین اور مکتب سے کوئی تعلق نہیں۔ایسے افراد لائق مذمت ہیں کہ جو کسی مذہبی اجتماع میں انتشار پیدا کرتے ہیں تا کہ عوام کے جذبات کو مشتعل کیا جا سکے۔ایسے عناصر دشمنان اسلام امریکا و اسرائیل کے آلہ کار ہیں ایسے افراد کی کارروائیوں کی جس قدر مذمت کی جائے کم ہے۔اُنہوں نے کہا کہ ہم کسی بھی صورت عزاداروں اور عزاداری کے خلاف ہونے والی سازش کو برداشت نہیں کریں گے،اس موقع پر گورنر سندھ نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت سندھ کی جانب سے اعلان کردہ شہدأ عاشورہ اور زخمیوں کے لیے معاوضہ کی ادائیگی ہر صورت دو دن میں یقینی بنائی جائے گی۔
بے گناہ نوجوانوں کی گرفتاریوں کیخلاف ملک بھر میں کل احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے،شیعہ ایکشن کمیٹی
کراچی:آل پاکستان شیعہ ایکشن کمیٹی نے سانحہٴ عاشورہ کے بعد کراچی سے بے گناہ نوجوانوں کی گرفتاری
کے خلاف جمعہ کو ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔بدھ کو علامہ مرزا یوسف حسین،سہیل مرزا،سید حسین،ضمیر عابدی،سید انور اللہ جعفری،سید مصطفی عباس،سید صفدر رضوی،مولانا محمد یوسف کریمی،سید عاشق عباس،سید رضی حیدر اور سید علی اوسط نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابھی ہم شہداء کے غم کو بھلا بھی نہ سکے تھے،زخمیوں کی تیمارداری میں مصروف ہیں کہ بے گناہ عزاداروں کو گرفتار کرنے کی غرض سے کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس کی جانب سے خوف و ہراس پھیلایا جا رہا ہے۔جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دھماکے کے ذریعے ظلم کا پہاڑ توڑا گیا اور بعد ازاں باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت جلاوٴ گھیراوٴکیا گیا۔جس میں کراچی کے تاجروں کو نقصان پہنچایا گیا۔ انہوں نے اپیل کی کہ حکومت سازشی عناصرکے خلاف سخت کارروائی کرے۔
دھماکہ کرنے والے اسلام اور ملک دشمن ہیں،ہیئت آئمہ مساجد و علماء امامیہ
کراچی:ہیئت آئمہ مساجد و علمأ امامیہ پاکستان کے مرکزی آفس ملیر کراچی سے جاری ہونے والے ایک بیان میں یوم عاشور کے مقدس جلوس عزا کے دوران کراچی میں ہونے والے دھماکے کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ دھماکے کرنے والے اسلام اور ملک دشمن ہیں،اور اس حملے میں شہید اور زخمی ہونے والے معصوم شہریوں کے ورثا سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا گیا اور شہدأ کے درجات کی بلندی،زخمیوں کی جلد صحت یابی اور ان کے پس ماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی گئی، بیان میں مزید کہا گیا کہ ملک میں تسلسل کے ساتھ دہشت گردانہ کارروائیاں
جاری ہیں لیکن حکومت آج تک دہشت گردوں اور ان دہشت گردانہ کارروائیوں کے خلاف ان کیسز کو منطقی انجام تک پہنچانے کی بجائے پس پشت ڈال دیتی ہے،اس حوالے سے پاکستان کے شیعہ و سنی عوام کا کردار لائق تحسین ہے اُنہوں نے اپنے مثالی اتحاد سے دشمنان اسلام کی ہر سازش کو ناکام بنایا،اس کی تازہ ترین مثال یوم عاشور کے موقع پر عزاداروں کے ساتھ ساتھ اہل سنت برادران کی شہادتیں اور اس کے بعد تمام شہدأ کے جنازوں میں اہل سنت علمائے کرام کی شرکت ہے،ملک میں اہل تشیع اور اہل سنت کے درمیان کوئی مسئلہ نہیں،اب پوری قوم جان چکی ہے کہ ان تمام دہشت گردانہ کارروائیوں میں دشمنان اسلام کے ایجنٹ ملوث ہیں،یوم عاشورہ کے المناک سانحہ کے بعد شرپسندوں کی جانب سے مارکیٹوں اور بینکوں کو آگ لگائے جانے کی بھی بھرپور مذمت کی گئی،ہیئت آئمہ مساجد و علمأ امامیہ نے تمام حالات کی خرابی اور نقصانات کی اصل وجہ حکومت اور ایجنسیوں کی نااہلی کو قرار دیا،بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ 45 سے زائد شہدأ کے قتل میں ملوث اصل مجرموں سے پردہ اُٹھانے کی بجائے حکومت شہدأ اور 143 زخمیوں کے معاوضوں کی ادائیگی کی بجائے صرف مارکیٹوں کے مالی نقصانات کا اندازہ لگانے میں مصروف ہے اُنہوں نے صدر پاکستان آصف علی زرداری،وزیراعظم یوسف رضا گیلانی،چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری،وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے مطالبہ کیا کہ شہدأ کے قاتلوں کو قرار واقعی سزا دی جائے اور بے گناہوں کو جلد از جلد رہا کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 18155
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش