0
Wednesday 25 Jul 2012 01:05

کوئٹہ کو دہشتگردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے، علامہ ہاشم موسوی

کوئٹہ کو دہشتگردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے، علامہ ہاشم موسوی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کے ضلعی دفتر الحجت ہائوس کوئٹہ سے جاری بیان میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنماء علامہ سید ہاشم موسوی نے بے گناہ، مخلص اور ذمہ دار ڈپٹی ڈائریکٹر اسکولز سید ابرار حسین اور انکے ساتھی علی اکبر پر دہشتگردوں کے قاتلانہ حملہ کی شدید مذمت کی ہے اور صوبائی و وفاقی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئٹہ شہر کو دہشتگردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ لہٰذا دہشتگردانہ واقعات کی تمام تر ذمہ داری حکومت، انتظامیہ اور دیگر اداروں پر عائد ہوتی ہے، کیونکہ انہوں نے دہشتگردوں کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے، جس کا ثبوت آئے روز کوئٹہ شہر میں دہشتگردانہ واقعات کا رونماء ہونا ہے۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت، انتظامیہ اور دیگر اداروں کو دہشتگردوں کے ٹھکانوں کے بارے میں مکمل آگاہی ہے، لیکن پھر بھی اسلام اور پاکستان دشمن قوتوں کے آلہ کار دہشتگردوں کے خلاف کسی بھی قسم کا آپریشن یا گرفتاری عمل میں نہیں لائی جا رہی، جس کی وجہ سے دن بدن پاکستان اور خصوصاً بلوچستان کا دارالحکومت کوئٹہ بدامنی کاشکار ہو کر تباہی کی طرف جا رہا ہے۔ علامہ سید ہاشم موسوی نے تمام سیاسی، مذہبی اور سماجی جماعتوں سے پرزور اپیل کی کہ کوئٹہ شہر میں امن و امان اور بھائی چارے کی فضاء کو قائم رکھنے کیلئے نفرت انگیزی پھیلانے والے بدمعاش دہشتگرد ٹولہ کو مسترد کرکے اس کا بائیکاٹ کریں۔ تاکہ کوئٹہ شہر مزید تباہی سے محفوظ رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین حکومت سے پرزور مطالبہ کرتی ہے کہ پاکستان کو بچانے کیلئے اسلام اور پاکستان دشمن دہشتگردوں کے خلاف فی الفور آپریشن کرکے ان کا خاتمہ کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 181810
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش