0
Wednesday 25 Jul 2012 17:26

ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے تعلیمی بورڈز نے میٹرک نتائج کا اعلان کر دیا

ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے تعلیمی بورڈز نے میٹرک نتائج کا اعلان کر دیا
اسلام ٹائمز۔ ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے دیگر تعلیمی بورڈز نے میٹرک کے امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا، ملتان بورڈ میں کامیابی کا تناسب 67 اعشاریہ 46 فیصد رہا، ملتان بورڈ میں پہلے نمبر پر آنے والے طالب علم خالد مسعود نے نہ صرف ملتان بلکہ پورے پنجاب کے تعلیمی بورڈز میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے، تعلیمی بورڈ ملتان میں مجموعی طور پر پہلے نمبر پر آنے والے گیریژن گرائمر اسکول ممتاز آباد ملتان کے طالب علم خالد مسعود نے 1100 میں سے 1024 نمبر حاصل کئے، 1019 نمبر لے کر سکینڈ پوزیشن پر دو امیدوار شعیب ہارون اور محمد امجد نذیر رہے، جن کا تعلق ضلع وہاڑی سے ہے جبکہ تیسرے نمبر نشاط گرلز ہائی اسکول کی طالبہ مریم رہیں، جنہوں نے 1017 نمبر لئے، اس موقع پر نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلباء میں سونے، چاندی اور کانسی کے تمغہ تقسیم کرنے کے ساتھ ساتھ کمپیوٹر اور نقد انعام بھی تقسیم کئے گئے، تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر مذہبی امور حاجی احسان الدین قریشی تھے جنہوں نے طلبا کو مبارک باد دی۔ 

لاہور بورڈ نے بھی میٹرک امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا، جس کے مطابق مجموعی طور پر طلباء کی کامیابی کا تناسب 65.71 فیصد رہا، نتائج کے مطابق سائنس گروپ میں کامیابی کا تناسب 82.38 فیصد اور آرٹس گروپ میں کامیابی کا تناسب 50.45 فیصد رہا، سائنس گروپ میں مجموعی طور پر 98700 طلباء نے امتحان دیا، جن میں سے 81305 کامیاب قرار پائے، آرٹس گروپ میں 107769 طلباء نے امتحانات دیئے اور 54369 نے کامیابی حاصل کی، اس موقع پر منعقدہ تقریب میں رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے میٹرک میں ٹاپ کرنے والے محمد سرمد کو گولڈ میڈل پہنایا اور لیپ ٹاپ بھی دیا۔ 

فیصل آباد بورڈ کے نتائج میں کامیابی کا تناسب 64 فیصد رہا، نجی اسکول کی طالبہ ردا عائشہ نے پہلی پوزیشن حاصل کی، نتائج کے اعلان کی تقریب نصرت فتح علی خان آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی، جس کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ تھے، صوبائی وزیر نے نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو سونے، چاندی اور کانسی کے تمغے پہنائے اور ان میں انعامات تقسیم کئے، کنٹرولر امتحانات ملک ظفر اقبال نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ امتحان دینے والے کل ایک لاکھ 22 ہزار 385 امیدواروں میں سے 78 ہزار 851 کامیاب ہوئے اور کامیابی کا تناسب 64 اعشاریہ 43 فیصد رہا، نجی اسکول کی طالبہ ردا عائشہ نے 1018 نمبر لے کر پہلی، محمد اسامہ علی اور محمد عمر نے 1015 نمبر لے کر دوسری، آمنہ انور اور مطہرہ حسن نے 1012 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی، پوزیشن ہولڈرز کا کہنا تھا کہ تعلیمی میدان اور امتحانی نظام میں مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے، ملک میں صرف قانونی کی بالادستی ہونی چاہیے۔
خبر کا کوڈ : 182051
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش