0
Wednesday 25 Jul 2012 20:18

امریکہ بھارت کو علاقے کا تھانیدار بنانا چاہتا ہے،صاحبزادہ فضل کریم

امریکہ بھارت کو علاقے کا تھانیدار بنانا چاہتا ہے،صاحبزادہ فضل کریم
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل ضلع لاہور کے عہدیداران و کارکنان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ عدلیہ اور حکومت کی لڑائی ختم نہ ہوئی تو کوئی بڑا المیہ رونما ہو سکتا ہے، سیاسی قوتیں ملکی سلامتی کے تحفظ کے لئے متحد ہو جائیں، بلوچستان اور کراچی کا مسئلہ سنگین ہوتا جا رہا ہے، امریکہ سوات کے مفرور دہشت گردوں سے پاک فوج پر حملے کروا رہا ہے، سیاستدان ایک دوسرے کو برا ثابت کرنے کی بجائے ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھیں،ریاست کے خلاف لڑنے والے انتہاپسند گروہ کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

اجلاس میں ہر یونین کونسل میں تنظیم سازی کرنے کا لائحہ عمل تیار کیا گیا اور رکنیت سازی مہم چلانے، ہر ٹاؤن میں افطار پارٹی منعقد کرنے اور عیدالفطر کے بعد ورکرز کنونشن کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں لاہور کے تمام ٹاؤنز سے سنی اتحاد کونسل کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ اجلاس کے اہم شرکاء میں مفتی محمد حسیب قادری، مفتی محمد کریم خان، مفتی محمد عمران حنفی، پیر محمد شاہ حمدانی، مولانا غلام مرتضیٰ صدیقی، مولانا محمد علی نقشبندی، علامہ مشتاق احمد نوری، صاحبزادہ سید صابر گردیزی، مفتی مسعود الرحمن، رانا شرافت علی، ملک شاہد ایڈووکیٹ، علامہ ذوالفقار احمد نقشبندی، مولانا قاری ذوالفقار نعیمی، ملک منظور احمد، محمد نواز کھرل، مولانا امان اللہ شاکر شامل تھے۔

صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے امریکی غلامی کے سابقہ تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ بھارت کو علاقے کا تھانیدار بنانا چاہتا ہے، عدلیہ، پی آئی اے، ریلوے اور سٹیل کی تباہی کی بنیادی وجہ کرپشن ہے، کرپشن اور دہشت گردی پاکستان کے دو بنیادی مسائل ہیں جنہیں حل کئے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا، ملک مہنگائی کے طوفان کی لپیٹ میں ہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ وفاق اور پنجاب کے حکمرانوں میں کوئی فرق نہیں، مرکز اور صوبوں میں برسراقتدار تمام جماعتیں عوامی مسائل حل نہ ہونے کی ذمہ دار ہیں۔ اجلاس میں ایک قرارداد کے ذریعے رمضان المبارک میں مہنگائی کو کنٹرول کرنے اور لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لئے ہنگامی اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا گیا، ایک اور قرارداد کے ذریعے مطالبہ کیا گیا کہ حکومت عدالتی احکامات پر عمل یقینی بنائے اور بلوچستان اور کراچی میں دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کے خاتمے کے لئے پوری ریاستی طاقت استعمال میں لائے۔
خبر کا کوڈ : 182108
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش