0
Thursday 26 Jul 2012 02:27

رحمن ملک کی ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سے ملاقات، صدر زرداری کا اہم پیغام پہنچایا

رحمن ملک کی ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سے ملاقات، صدر زرداری کا اہم پیغام پہنچایا
اسلام ٹائمز۔ سینئر وفاقی مشیر داخلہ رحمن ملک نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سے لندن میں ملاقات کی اور انہیں صدر پاکستان آصف علی زرداری کا اہم پیغام پہنچایا۔ ملاقات کے دوران پاکستان کو درپیش خطرات، دیگر داخلی و خارجی قومی مسائل اور ملک کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی ملک کی سلامتی، امن و استحکام، جمہوریت کی بقاء اور عوام کے بنیادی مسائل کے حل کیلئے مزید فعالیت کے ساتھ مل کر کام کریں گی۔ رحمن ملک نے پاکستان میں جمہوریت کی بقاء کیلئے الطاف حسین کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک میں منتخب جمہوری حکومت اپنے پانچ سال پورے کرنے جا رہی ہے جس میں ایم کیو ایم کا تعاون اور الطاف حسین کا رول نہایت اہم ہے۔ سینئر مشیر داخلہ نے ملک میں سیاسی ہم آہنگی، بھائی چارے، امن و استحکام اور افہام و تفہیم کیلئے ایم کیو ایم کی جانب سے تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں سے رابطوں، ملاقاتوں اور بات چیت کے سلسلے کو ملک کیلئے نہایت خوش آئند قرار دیا اور اس پر صدر پاکستان آصف علی زرداری کی جانب سے الطاف حسین کو مبارکباد پیش کی۔

الطاف حسین نے وفاقی مشیر داخلہ رحمن ملک سے کہا کہ ملک میں داخلی استحکام کے ساتھ ساتھ کراچی سمیت ملک بھر میں دہشت گردی پر قابو پانے اور قیام امن کیلئے حکومت کو مزید مؤثر اقدامات کرنے ہوں گے۔ الطاف حسین نے کہا کہ عوام کے مسائل کے حل خصوصاً رمضان المبارک میں گراں فروشی اور بجلی کی لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کیلئے حکومت کی جانب سے مؤثر اقدامات کئے جائیں۔ وفاقی مشیر داخلہ نے الطاف حسین کو یقین دلایا کہ حکومت گراں فروشی پر قابو پانے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے جبکہ بجلی کا بحران انشاء اللہ چند ہفتوں میں حل ہوجائیگا۔ الطاف حسین نے رحمن ملک کو دوبارہ سینٹر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ وہ دہشت گردی پر قابو پانے اور قیام امن کے سلسلے میں اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 182165
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش