0
Thursday 26 Jul 2012 15:21

اسلام دشمن عناصر کمزور ہو چکے ہیں، ایران کسی دباو کے تحت اپنا موقف تبدیل نہیں کرے گا، آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای

اسلام دشمن عناصر کمزور ہو چکے ہیں، ایران کسی دباو کے تحت اپنا موقف تبدیل نہیں کرے گا، آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای
اسلام ٹائمز- فارس نیوز ایجنسی کے مطابق قائد انقلاب اسلامی ایران آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ ایران کبھی بھی بیرونی دباو کے تحت اپنے موقف میں تبدیلی نہیں لائے گا۔ یہ بات انہوں نے منگل کی شام تہران میں اعلی سطحی حکومتی عہدیداروں سے اپنی ملاقات کے دوران خطاب میں کہی۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کی سرکردگی میں بعض استکباری قوتیں ایران کے اسلامی نظام کی مخالف ہیں لیکن وہ ایسا ظاہر کرتی ہیں کہ انکا اصل مسئلہ ایران کا ایٹمی پروگرام اور انسانی حقوق کی صورتحال ہے، یہ ممالک اپنی سیاسی، اقتصادی اور میڈیا توانائیوں کی بدولت وسیع پیمانے پر منفی پروپیگنڈہ کرنے میں مصروف ہیں اور ایسا تاثر دینے کی کوشش کر رہے ہیں کہ گویا ساری عالمی برادری انہیں چند ممالک تک محدود ہے۔
قائد انقلاب اسلامی ایران نے کہا کہ انکا اصل مسئلہ یہ ہے کہ ملت ایران نے اسلامی انقلاب کے ذریعے اپنے ملک کو انکے استعماری تسلط سے نجات دلائی ہے اور عالم اسلام میں بیداری اور انقلاب کی روح پھونک دی ہے، اسی وجہ سے استکباری قوتیں چاہتی ہیں کہ ایران پر کاری ضرب لگا کر اسے دوسروں کیلئے عبرت کا نشان بنا دیں۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کی سرکردگی میں اسلام دشمن محاذ ماضی کی نسبت کہیں زیادہ کمزور ہو چکا ہے، خطے میں انقلابات کے بعد اسرائیل کو درپیش خطرات میں اضافہ، لبنان کی 33 روزہ جنگ اور غزہ کی 22 روزہ جنگ میں اسرائیل کی شکست، عراق میں امریکہ کی ناکامی، افغانستان میں امریکہ کی بڑھتی ہوئی اور ختم نہ ہونے والی مشکلات اور مشرق وسطی میں امریکی خارجہ سیاست کا بری طرح ناکام ہو جانا اس کمزوری کے بعض واضح نمونے ہیں۔
قائد انقلاب اسلامی ایران نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے خلاف اقتصادی پابندیوں کا مغربی ہتھکنڈہ غیرموثر اور ناکارہ ہو چکا ہے، اسلامی جمہوریہ ایران انشاءاللہ بہت جلد موجودہ اقتصادی مشکلات اور دباو سے باہر نکلنے میں کامیاب ہو جائے گا اور لمبی مدت کیلئے ہمارے خلاف اقتصادی پابندیاں خود مغربی ممالک کے نقصان میں ہیں۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے کہا کہ ملت ایران آج ترقی کی منازل انتہائی تیزی سے طے کر رہی ہے، جیسا کہ ایک وقت وہ تھا جب پورے ملک میں صرف تین سنٹری فیوج کام کر رہے تھے اور مغربی ممالک کا اصرار تھا کہ انہیں بھی بند کر دیا جائے لیکن آج خدا کی نصرت اور مدد سے ملک بھر میں گیارہ ہزار سے زائد سنٹری فیوجز دن رات کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور مغربی ممالک اس وقت انتہائی شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں جن میں یورپی یونین اور یورو کے خطے میں شدید مالی بحران، بعض یورپی ممالک میں معاشی عدم استحکام اور اسکے نتیجے میں حکومت کی سرنگونی، امریکہ میں بجٹ کا شدید خسارہ اور 99 فیصد تحریک کا معرض وجود میں آنا شامل ہیں۔
خبر کا کوڈ : 182325
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش