QR CodeQR Code

17 اگست 2012ء جمعۃ الوداع کے موقع پر ’’عالمی یوم القدس‘‘ منایا جائے گا، شیعہ علماء کونسل

26 Jul 2012 18:41

اسلام ٹائمز: ایس یو سی کے مرکزی سیکرٹری جنرل کے مطابق بیت المقدس پر اسرائیلی اور صیہونی تسلط کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرنے اور مظلوم فلسطینی، لبنانی اور دنیا بھر کے مستضعف مسلمانوں کے ساتھ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے حسب سابق امسال بھی دنیا بھر کی طرح پاکستان میں یہ دن انتہائی تزک و احتشام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سربراہ شیعہ علماء کونسل علامہ سید ساجد علی نقوی کی اپیل پر چاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں 17 اگست 2012ء جمعۃ الوداع کے موقع پر ’’عالمی یوم القدس‘‘ منایا جائے گا۔ یہ دن شایان شان طریقے سے منانے کے لئے مختلف سطح پر انتظامی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی کے مطابق عالمی اسلامی بیداری کے تناظر میں عالم اسلام کے قبلہ اول بیت المقدس پر اسرائیلی اور صیہونی تسلط کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرنے اور مظلوم فلسطینی، لبنانی اور دنیا بھر کے مستضعف مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے حسب سابق امسال بھی دنیا بھر کی طرح پاکستان میں یہ دن انتہائی تزک و احتشام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

اس موقع پر ملک بھر میں قدس سیمینارز، احتجاجی ریلیاں اور جلوس اور احتجاجی پروگرام منعقد کئے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں ملک بھر کی طرح اسلام آباد میں بھی القدس کمیٹی اسلام آباد راولپنڈی اور جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کی طرف سے ایک بڑی احتجاجی ریلی دن 2 بجے میلوڈی چوک سے آبپارہ تک برآمد کی جائے گی، جس میں شیعہ علماء کونسل کے مرکزی و صوبائی عہدیداران، علمائے کرام، سیاسی و مذہبی جماعتوں کے افراد و شخصیات، طلباء تنظیموں کے نمائندگان اور مختلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والے حضرات شرکت کریں گے۔

علامہ عارف واحدی نے یہ بات زور دے کر کہی کہ چونکہ قبلہ اول عالم اسلام کی مشترکہ میراث ہے لہذا عالمی یوم القدس کے موقع پر احتجاجی جلوسوں اور ریلیوں میں بلاتفریق مسلک و مکتب بڑی تعداد میں عوام شریک ہوتے ہیں۔ امن و امان کے ذمہ دار اداروں کو چاہیے کہ وہ ان جلوسوں کی سکیورٹی کے لئے فول پروف انتظامات کو یقینی بنائیں۔


خبر کا کوڈ: 182414

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/182414/17-اگست-2012ء-جمعۃ-الوداع-کے-موقع-پر-عالمی-یوم-القدس-منایا-جائے-گا-شیعہ-علماء-کونسل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org