0
Friday 27 Jul 2012 15:19

جبری فطرہ وصول کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، محمد حسین محنتی

جبری فطرہ وصول کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، محمد حسین محنتی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی نے رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی شہر میں جبری فطرے کی وصولی کے آغاز پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشیر داخلہ نے کالعدم جماعتوں کی جانب سے رضاکارانہ فطرے کی وصولی پر تو پابندی عائد کردی مگر کراچی میں ایک سیاسی جماعت کی جانب سے حسب روایت تاجروں اور عوام سے فطرے کی جبری وصولی پر خاموشی قابل مذمت ہے۔ حکومت فطرے اور دیگر خیرات کی مد میں زبردستی وصولی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ فطرہ ایک خالص شرعی حکم ہے جو بندہ محض رب کی رضا کیلئے اپنی مرضی سے مستحقین کو دیتا ہے مگر افسوس کہ کراچی کے عوام بالخصوص تاجر اس مذہبی فریضے کو بھی اپنی مرضی سے ادا نہیں کر سکتے۔ رمضان کی آمد کے ساتھ ہی شہر میں پرچی مافیا بالخصوص ایک سیاسی جماعت کے کارکنان سرگرم ہو جاتے ہیں اور لوگوں سے فطرے کی مد میں بھاری رقوم اینٹھتے ہیں، زبردستی کئی کئی رسیدیں اور بعض اوقات پوری بک تھما دی جاتی ہے اور عدم ادائیگی کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی جاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جبری فطرہ وصولی بھی ایک طرح کی غنڈہ گردی اور بھتہ خوری ہے اور سخت گناہ کبیرہ ہے کیونکہ اس کی وجہ سے اصل مستحقین اپنے حق سے محروم رہ جاتے ہیں اور فطرہ دینے والے کو بھی قلبی سکون اور اطمینان نصیب نہیں ہوتا۔ محمد حسین محنتی نے مشیر داخلہ اور وزیراعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ شہریوں اور تاجروں سے جبری فطرہ اور دیگر عطیات وصول کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور ان عناصر کو بے نقاب کرکے عوام کے سامنے لایا جائے جو خدمت خلق کے نام پر عوام سے جبراً خیرات وصولی کرتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 182552
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش