QR CodeQR Code

تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام شہراعتکاف کی تیاریاں مکمل ہو گئیں

27 Jul 2012 20:08

اسلام ٹائمز:سربراہ اعتکاف شیخ زاہد فیاض کا کہنا ہے کہ ہزاروں مرد خواتین الگ الگ جگہوں پر معتکف ہوں گے، بیرونی دنیا سے بھی خصوصی وفود مسنون اعتکاف بیٹھیں گے، 60 انتظامی کمیٹیاں بنا دی گئیں، گرمی کے موسم میں معتکفین کو سہولیات کی فراہمی کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں


اسلام ٹائمز۔ حرمین شریفین کے بعد اسلامی دنیا کا سب سے بڑا شہر اعتکاف ٹاؤن شپ کی جامع المنہاج میں امسال بھی آباد ہو گا۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری روزانہ درس تصوف دیں گے۔ ہزاروں مرد خواتین الگ الگ جگہوں پر معتکف ہوں گے۔ بیرونی دنیا سے بھی خصوصی وفود مسنون اعتکاف بیٹھیں گے۔ سحری و افطاری کیلئے فی کس 1200/- روپے ایڈوانس جمع کرانے کیلئے تحریک منہاج القرآن کی ملک بھر کی تنظیمات نے خصوصی ڈیسک قائم کر دئیے ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر اعتکاف ڈیٹا مرکزی سیکرٹریٹ کو موصول ہو رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار اعتکاف 2012ء کے سربراہ اور تحریک منہاج القرآن کے سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے شہر اعتکاف کی انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر سیکرٹری جواد حامد نے تنظیمات سے وصول شدہ ڈیٹا کی تفصیلات سے ہاؤس کو آگاہ کیا۔ شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ شہر اعتکاف کا انعقاد بلاشبہ سعادت کے ساتھ بہت بڑا چیلنج بھی ہوتا ہے اور اسکے لئے 60 کمیٹیاں بنائی گئی ہیں جو ضروری امور میں معاونت کیلئے کنٹرول روم کے ذریعے ایک دوسرے سے منسلک رہتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حبس اور گرمی کے موسم میں معتکفین کو سہولیات کی فراہمی کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ سحری و افطاری کی بروقت تقسیم کا بھی مربوط نظام بنایا گیا ہے۔ انفرادی اور اجتماعی معمولات کیلئے منہاج القرآن کے سکالرز کو خصوصی ٹاسک دیا گیا ہے۔ تربیتی حلقوں میں اعتکاف کی اہمیت کے پیش نظر سوال و جوابات کی نشستیں بھی رکھی گئی ہیں۔ 21 رمضان المبارک یوم شہادت حضرت علی علیہ السلام کے سلسلہ بھی خصوصی تقریب ہو گی جس سے علامہ طاہرالقادری خصوصی خطاب کرینگے۔


خبر کا کوڈ: 182644

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/182644/تحریک-منہاج-القرآن-کے-زیراہتمام-شہراعتکاف-کی-تیاریاں-مکمل-ہو-گئیں

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org