0
Saturday 28 Jul 2012 10:21

عوامی رابطہ مہم عید تک جاری رہے گی، بیرسٹر سلطان

عوامی رابطہ مہم عید تک جاری رہے گی، بیرسٹر سلطان
اسلام ٹائمز۔ آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی رہنما بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے کہا تھا کہ عوام طاقت کا سرچشمہ ہیں ہم اگلے راستے پر چل رہے ہیں۔ ہم آج بھی عوام کے حقوق کے لیے نکلے ہیں۔ جس طرح کارکن اور عوام میرے افطار ڈنر کے جلسوں میں سینکڑوں نہیں بلکہ ہزاروں کی تعداد میں شریک ہو رہے ہیں جبکہ میرے پاس کوئی سیاسی، جماعتی اور حکومتی عہدہ بھی نہیں ہے۔ لیکن آزاد کشمیر کے عوام کے دلوں پر میری حکومت ہے۔ ان خیالات کا اظہا رانھوں نے کوٹلی میں افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ 

بیرسٹر سلطان نے مزید کہا کہ یہ میری عوامی رابطہ مہم عید تک جاری رہے گی، عید کے بعد میں اپنی حکمت عملی کا اعلان کرونگا۔ کیونکہ میں نے ایک سال کارکنوں کے ساتھ زیادتی برداشت کی اور کرپشن کی انتہاء دیکھی۔ حکومت آزاد کشمیر پارٹی کی بدنامی کا باعث بن رہی ہے اور اس سے پاکستان میں پارٹی کو نقصان ہو رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اپنے پانچ سالہ دور حکومت میں کارکنوں کی عزت نفس کا خیال رکھا اور عوامی مسائل کو سنجیدگی سے حل کرنے کی کوشش کی۔اسی لئے عوام آج بھی مجھ سے اسی طرح دلی محبت رکھتے ہیں ۔ مجھے امید ہے کہ میں عید کے بعد جو بھی حکمت عملی تیار کرونگا عوام اس میں میرا ساتھ دیں گے۔ 

انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان 7 ستمبر کو ہونے والی بات چیت سے قبل کشمیریوں کو بھی اعتماد میں لیا جانا چاہیے ورنہ ان مذاکرات میں کوئی مثبت پیش رفت نہیں ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اب فیصلہ کن موڑ میں داخل ہوچکا ہے، میں جہاں مسئلہ کمشیر کو حل کرانے کے لیے کوششیں جاری رکھوں گا وہاں آزاد کشمیر کے عوام کے مسائل کے حل اور کرپشن اور تعصب کی سیاست کےخاتمے کے لیے بھی جدوجہد جاری رکھوں گا۔
خبر کا کوڈ : 182782
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش