QR CodeQR Code

اقوام متحدہ کی طرف سے مہاجرین کے راشن، فنڈز میں کمی قابل مذمت ہے، لیاقت بلوچ

28 Jul 2012 16:54

اسلام ٹائمز: منصورہ لاہور سے جاری ایک بیان میں جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ کونسل آف یورپ کا مسلم مخالف قوانین ترتیب دینا نسلی تعصبات کا اظہار ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے اقوام متحدہ کی جانب سے ورلڈ فوڈ پروگرام برائے مہاجرین کے راشن کو 50 فیصد کم، فنڈز کی کمی اور یورپ میں مسلم مخالف قوانین کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ اور یورپی ممالک مسلم دشمن پالیسیاں ترتیب دے کر دورنگی اور منافقت کا اظہار کر رہے ہیں ۔ 

منصورہ لاہور سے جاری ایک بیان میں لیاقت بلوچ نے کہا کہ دنیا کے کئی ممالک میں بڑے پیمانے پر مہاجرین پناہ لیے ہوئے ہیں۔ پاکستان میں بھی افغان مہاجرین کی تعداد لاکھوں میں ہے اور پاکستان ان مہاجرین کا بوجھ برداشت کر رہا ہے۔ اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام کے تحت مہاجرین کے راشن میں کمی مہاجرین کو شدید مسائل سے دوچار کردے گی۔ اقوام متحدہ اپنے اس اقدام کو واپس لے اور عالمی ممالک اور انسانی حقوق کی تنظیمیں بھی اقوام متحدہ پر دباﺅ بڑھائیں ۔ 

لیاقت بلوچ نے کہا کہ یورپ میں بسنے والے مسلمانوں کو انسانی حقوق کے منافی قوانین کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انسانی حقوق کے چیمپئن ہونے کی دعویدار کونسل آف یورپ کے مسلم مخالف قوانین نافذ کرنے سے ان کا دوہرا معیار دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گیا ہے۔ مسلمان خواتین کو اسکارف اور پردہ کرنے کی صورت میں ملازمتوں سے برخاست کرنا اور ان سے نفرت بھرا رویہ اختیار کرنا قابل مذمت ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ دنیا کے ہر ملک میں ہر شخص کو اس ملک کے آئین کی حدود میں رہتے ہوئے مذہبی آزادی حاصل ہے۔ وہ سیاسی سماجی سطح پر ہر فورم پر حصہ لے سکتا ہے۔ پاکستان میں اقلیتوں کو آئینی وقانونی طور پر تحفظ حاصل ہے، لیکن کونسل آف یورپ نے مسلم مخالف قوانین کو ترتیب دے کر مسلمانوں سے نسلی تعصبات کا اظہار ناقابل فہم ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کونسل آف یورپ مسلم مخالف قوانین کو فی الفور ختم کرے۔


خبر کا کوڈ: 182915

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/182915/اقوام-متحدہ-کی-طرف-سے-مہاجرین-کے-راشن-فنڈز-میں-کمی-قابل-مذمت-ہے-لیاقت-بلوچ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org