0
Saturday 28 Jul 2012 21:39

آئندہ انتخابات میں (ق) لیگ، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کو اپنی حیثیت معلوم ہوجائیگی، لیاقت بلوچ

آئندہ انتخابات میں (ق) لیگ، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کو اپنی حیثیت معلوم ہوجائیگی، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی سو جوتے اور سو پیاز کھانے کی سیاست کو ختم کرے اور سپریم کورٹ کے حکم کی تعمیل کرتے ہوئے نئے وزیر اعظم چیف ایگزیکٹیو کی حیثیت سے سوئس حکام کو خط لکھیں، یہ بات انہوں نے دارالسلام دفتر جماعت اسلامی ملتان میں صحافییوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ بعض قوتیں حکومت اور عدلیہ کے مابین مصنوعی تصادم کی کوشش کر رہی ہیں، سپریم کورٹ این آر او کے کالے قانون کو ختم کرچکی ہے اور سپریم کورٹ نے جو فیصلہ دیا تھا اُس کے نتیجے میں سابق وزیر اعظم گیلانی گھر جاچکے ہیں، اب نئے وزیر اعظم کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ سوئس حکام کو خط لکھیں۔
 
انہوں نے مزید کہا کہ ملتان کا ضمنی الیکشن، عام انتخابات کا رخ متعین نہیں کرتا اور آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ق)، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کو اپنی حیثیت معلوم ہوجائے گی، عوام ان حکمرانوں سے جان چھڑا لیں گے، انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں آئندہ انتخابات کیلئے کوئی قابل قبول طریقہ اپنائیں، انہوں نے کہا کہ ہم نے ایم کیو ایم والوں سے کہا ہے کہ وہ وفاق اور سندھ حکومت کا حصہ ہیں اور انکی جان حکومت کے پنجے میں پھنسی ہوئی ہے، اگر وہ لوگ صاف و شفاف انتخابات کرانا چاہتے ہیں تو ایم کیو ایم والوں کو کراچی میں انتخابی کلچر کا بدلنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کی وجہ ایم کیو ایم، پیپلز پارٹی اور اے این پی ہیں۔
 
انہوں نے کہا کہ ہم نیٹو سپلائی کی بحالی کے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں اور کراچی سے طورخم سمیت ملک بھر میں احتجاج کریں گے، اس موقع پر امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برما میں مسلمانوں کا قتل عام ہو رہا ہے اور اسلامی ممالک سمیت پوری دنیا خاموش ہے، انہوں نے کہا کہ عالم اسلام اور دنیا بھر کی انسانی حقوق کی تنظیموں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ برما میں مسلمانوں کا قتل عام بند کروائیں اور مسلمانوں کو انکی مذہبی عبادات کی اجازت ہونی چاہئے۔
خبر کا کوڈ : 182943
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش