QR CodeQR Code

امریکہ اور اسکے اتحادی دنیا بھر میں مسلمانوں کا خون بہا رہے ہیں، بشیر احمد ماندائی

29 Jul 2012 18:24

اسلام ٹائمز: جماعت اسلامی بلوچستان کے سیکرٹری جنرل نے کہا ہے کہ ہم نیٹو سپلائی کو بزور طاقت روک سکتے ہیں تاہم بدامنی سے بچنے کیلئے ہم چاہتے ہیں کہ ملکی اور قومی اُمنگوں کو سامنے رکھتے ہوئے یہ فیصلہ حکمران کریں۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی بلوچستان کے سیکرٹری جنرل بشیر احمد ماندائی نے کہا ہے کہ امریکہ اور اس کے اتحادی دنیا بھر میں مسلمانوں کا خون پانی کی طرح بہا رہے ہیں۔ ہم نیٹو سپلائی کو بزور طاقت روک سکتے ہیں تاہم بدامنی سے بچنے کیلئے ہم چاہتے ہیں کہ ملکی اور قومی اُمنگوں کو سامنے رکھتے ہوئے یہ فیصلہ حکمران کریں۔ ان کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ دہشتگردی ختم کرنے کے نعرے کی بنیاد بنا کر آنے والے امریکہ نے پورے خطے کو دہشت گردی کا نشانہ بنا کر افغانستان اور پاکستان کے معصوم شہریوں بزرگوں، عورتوں اور بچوں کا قتل عام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان اور امت مسلمہ کا دشمن ہے۔ جس نے قرآن پاک کی بے حرمتی کی اور نبی کریم (ص) کے خاکے بنا کر اسلام اور مسلمانوں سے کھلی دشمنی کا اعلان کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکہ نہ صرف پاکستان کے جوہری اثاثوں بلکہ سینٹرل ایشیاء کے تمام وسائل کو اپنے قبضے میں لینا چاہتا ہے اور خطے میں چین کی بالادستی کو ختم کرکے بھارت کو بالادست قوت بنانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی ایماء پر اپنے ہی عوام کے خلاف طاقت کے استعمال نے لاکھوں لوگوں کو گھروں سے بے گھر اور ہجرت پر مجبور کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام پائیدار اسلامی تبدیلی کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ ملکی مسائل پر قابو پانے کیلئے خطے سے امریکی انخلاء ضروری ہے۔


خبر کا کوڈ: 183122

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/183122/امریکہ-اور-اسکے-اتحادی-دنیا-بھر-میں-مسلمانوں-کا-خون-بہا-رہے-ہیں-بشیر-احمد-ماندائی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org