QR CodeQR Code

حکومت پاک فوج کو ڈرون مار گرانے کا اختیار دے،جماعت اسلامی پنجاب

29 Jul 2012 14:49

اسلام ٹائمز:سید وسیم اختر کا کہنا ہے کہ اگر حکومت کو 18 کروڑ عوام کا خیال اور ملک سے محبت ہوتی تو وہ نیٹو سپلائی کو کبھی بحال نہ کرتی، عوامی مسائل کے حل اور ظالم حکمرانوں سے نجات کیلئے دینی رہنماؤں کو آگے آنا ہوگا۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید سیم اختر نے کہا ہے کہ لوڈشیڈنگ کے ستائے عوام آئندہ انتخابات میں موجودہ حکمرانوں کو مسترد کر دیں گے، قوم چیف جسٹس اور عدلیہ کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دے گی، کرپٹ مافیا عدلیہ کیخلاف سازشیں کر رہا ہے، جمہوریت بچانے کے نام پر سب چور اکھٹے ہو چکے ہیں، ملک میں شفاف اور غیر جانبدارانہ الیکشن کے انعقاد کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر متفقہ عبوری حکومت قائم کی جائے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر آئندہ انتخابات شفاف نہ ہوئے تو بڑی تباہی آئے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں ہر طرح کا ملٹری آپریشن فوری طورپر بند اور ڈرون طیاروں کو مار گرایا جائے اور آج تک ان ڈرون حملوں اور ملٹری آپریشن میں دہشت گردی کے نام پر مارے گئے لوگوں کے نام قوم کے سامنے لائے جائیں، لاپتہ افرا د کے معاملے میں سپریم کورٹ کے فیصلوں پر فی الفور عملدرآمد کیا جانا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کا حکومت سازی میں کوئی کردار نہیں ہونا چاہئے، فوج کا کام سرحدوں کی حفاظت کرنا ہے ملکی مسائل کا کوئی ملٹری حل نہیں، عوام میں اداروں کے احترام کو بحال کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ راجہ پرویز اشرف کو گیلانی کی طرح زرداری کی کرپشن بچانے کیلئے وزیراعظم بنایا گیا ہے، اسمبلی نیلام گھر بن چکی ہے، جن جن لیڈروں کا پیسہ باہر پڑا ہے انہیں الیکشن لڑنے کی اجازت نہیں ہونی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور اس کے اتحادی حکومت کے ساڑھے چار سالہ دور اقتدار میں غربت میں کمی آئی نہ مہنگائی اور بے روزگاری کم ہوئی،قوم کو بے شمار مسائل کا سامنا ہے۔ ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مزید کہا کہ حکمران جنرل (ر) پرویز مشرف کے نقش قدم پر چل رہے ہیں، اگر حکومت کو 18 کروڑ عوام کا خیال اور ملک سے محبت ہوتی تو وہ نیٹو سپلائی کو کبھی بحال نہ کرتی، عوامی مسائل کے حل اور ظالم حکمرانوں سے نجات کیلئے دینی رہنماؤں کو آگے آنا ہو گا۔


خبر کا کوڈ: 183190

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/183190/حکومت-پاک-فوج-کو-ڈرون-مار-گرانے-کا-اختیار-دے-جماعت-اسلامی-پنجاب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org