1
0
Sunday 29 Jul 2012 17:45

آہستہ آہستہ ہمارے احتجاجات کا رخ اسلام آباد کی طرف ہوگا، علامہ ساجد نقوی

آہستہ آہستہ ہمارے احتجاجات کا رخ اسلام آباد کی طرف ہوگا، علامہ ساجد نقوی
اسلام ٹائمز۔ شہید ڈاکٹر حیدر کی برسی کی مناسبت سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ نے کہا کہ اب ضرورت اس امر کی ہے کہ قومی پلیٹ فارم کو زیادہ سے زیادہ مضبوط کیا جائے اور یہ تمام مومنین کا فریضہ ہے۔ آہستہ آہستہ ہمارے احتجاجات کا رخ اسلام آباد کی طرف ہوگا، ملک کے ہر گوشہ میں شیعہ ٹارگٹ کلنگ جاری ہے، باعزت قوم کو شہادتیں بھی برداشت کرنی پڑتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے مجاہد اسلام شہید ڈاکٹر حیدر کی برسی کی مناسبت سے بھوجانی ہال سولجر بازار میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر علمائے کرام اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔ سیمینار سے مولانا شبیر میثمی، مولانا جعفر سبحانی، مولانا شہریار عابدی اور مولانا رضا داؤدانی نے بھی خطاب کیا، جبکہ اس موقع پر پروفیسر سبط جعفر، مسیب علی رضوی اور علی صفدر نے شہداء کی شان میں منقبت خوانی کی۔

شرکاء سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے سید ساجد علی نقوی نے شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی (رہ) کے زمانے میں موجود مشکلات اور دشواریوں کا تذکرہ کیا اور ان مشکلات کا سامنا کرنے کیلئے کئے گئے اقدامات کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی ہم اسی قومی پلیٹ فارم کا حصہ اور تسلسل ہیں اور اسی اعلٰی مقاصد کیلئے گامزن ہیں۔ آج قومی دھارا شیعہ علماء کونسل کے نام سے زندہ اور ایک مضبوط قوت اور طاقت ہے۔ الحمدللہ ابھی تک پنجاب میں 3 ڈویژن کے تنظیمی اجلاس بھرپور طریقے سے منعقد ہوئے ہیں اور انشاءاللہ یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ علامہ ساجد نقوی نے ملک میں جاری شیعہ ٹارگٹ کلنگ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آج ملک کے ہر گوشہ میں شیعہ ٹارگٹ کلنگ جاری ہے۔ کراچی، کوئٹہ، پاراچنار، ہنگو، گلگت بلتستان اور پنجاب کی سرزمین ہمارے لئے کربلا بنی ہوئی ہے۔

شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ نے کہا کہ ہم نے تمام مشکلات کا سامنا کیا ہے اور ان تمام سانحات اور واقعات کے خلاف بھرپور طریقے سے قدم اٹھایا ہے، لیکن ملک کی صورتحال ہی بگڑی ہوئی ہے، یہاں کسی کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک باوقار اور باعزت قوم کے سفر کے سامنے مشکلات بھی آتی ہیں اور انہیں شہادتیں بھی برداشت کرنی پڑتی ہیں۔ ہم نے اس ظالمانہ کارروائی کے خلاف مقامی سطح پر احتجاج شروع کیا ہے اور انشاءاللہ آہستہ آہستہ اس مقام پر پہنچیں گے کہ ان احتجاجات کا رخ اسلام آباد کی طرف ہوگا۔ انہوں نے اس جانب اشارہ فرماتے ہوئے قوم کو متوجہ کیا کہ اب ضرورت اس امر کی ہے کہ قومی پلیٹ فارم کو زیادہ سے زیادہ مضبوط کیا جائے اور یہ تمام مومنین کا فریضہ ہے۔ 
خبر کا کوڈ : 183256
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

Australia
آپ کچھ زیادہ ہی آہستہ نہی چل رہے۔۔۔؟
زمانہ بدل گیا ہے، خدارا، کچھ تو رفتار بڑہا دیں۔۔۔
متعلقہ خبر
ہماری پیشکش