0
Sunday 10 Jan 2010 15:34

ایم کیو ایم سے اتحاد برقرار رہے گا،کراچی میں ابھی فوج کی ضرورت نہیں،رینجرز سرجیکل آپریشن کرے گی،رحمن ملک

ایم کیو ایم سے اتحاد برقرار رہے گا،کراچی میں ابھی فوج کی ضرورت نہیں،رینجرز سرجیکل آپریشن کرے گی،رحمن ملک
کراچی:وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ کراچی میں فوج بلانے کی فی الحال کوئی ضرورت نہیں،اگر ضرورت پڑی تو فوج کو طلب کیا جائیگا،کراچی میں ٹارگٹ کلنگ بند نہ ہوئی تو سرکاری سطح پر جاری کئے گئے اسلحہ لائسنس کو بھی منسوخ کر دیا جائیگا اور اگلے مرحلے میں کراچی کو اسلحے سے پاک کیا جائیگا،ٹارگٹ کلنگ میں ملوث افراد کے خلاف رینجرز سرجیکل آپریشن کرے گی، ایم کیو ایم سے اتحادبرقرار رہیگا،ٹارگٹ کلنگ میں پیپلزپارٹی اور ایم کیوایم کے کارکن قتل ہو رہے ہیں جبکہ فائدہ تیسرے فریق کو ہو رہا ہے،لیاری میں بلوچوں کو بیدردی سے قتل کیا گیا جس کی مذمت کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعلیٰ ہاؤس سندھ میں امن و امان اور کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کی صورتحال کے پیش نظر اعلیٰ سطح کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک،وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ،صوبائی وزیر داخلہ ڈاکٹر ذوالفقار علی مرزا،ڈی جی رینجرز میجر جنرل لیاقت علی اور پولیس حکام سمیت قانون نافذ کرنے ولے دیگر اداروں کے اہلکار شریک ہوئے۔اجلاس میں کراچی میں امن و امان کی مجموعی صورتحال سمیت ٹارگٹ کلنگ کی روک تھام کیلئے رینجرز کو اختیارات دینے کی منظوری دی گئی۔ رحمان ملک نے کہا کہ اس وقت کراچی میں فوج کی ضرورت نہیں۔تاہم اگر ضرورت بڑی تو فوج بلوائی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ رینجرز کو تمام اختیارات دینے کا نوٹیفکیشن جاری کیا جا چکا ہے اور پولیس رینجرز کے ساتھ امن و امان کی صورتحال کنٹرول کرنے کا کام کریگی۔کراچی میں اگر ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ بند نہ ہوا تو سرکاری سطح پر جاری کئے گئے تمام اسلحہ لائسنسوں کو منسوخ کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ چھپ کر ٹارگٹ کلنگ کا پلان بنا رہے ہیں ان کا پتہ معلوم ہو گیا ہے، انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر ان کے خلاف رینجرز سرجیکل آپریشن کرے گی،شرپسندوں سے نمٹنے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اپنے دفاع میں گولی چلانے کا اختیار ہے۔لیاری میں ہلاکتوں کے حوالے سے کچھ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے،لیاری کا واقعہ ایک خاتون کے معاملے پر ہوا جس کے ردعمل میں بلوچوں کو بے دردی سے قتل کیا گیا۔جسکی مذمت کرتے ہیں تاہم جرائم پیشہ افراد کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائیگی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ لیاری کے علاقے میں گٹر باغیچہ کی زمین کا مسئلہ عدالت میں ہے اور سندھ حکومت کو ہدایات کی گئی ہیں کہ اس بات کا جائزہ لیا جائے کہ 20 سال قبل یہ زمین کس کی تھی۔
گوادر: وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ کراچی میں شرپسندوں سے نمٹنے کے لیے تمام وسائل استعمال کیے جائیں گے،سازشی عناصر ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے درمیان اختلافات پیدا کرنا چاہتے ہیں.گوادر میں تقریب سےخطاب اور میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ گوادر پورٹ سے مقامی لوگوں کو فائدہ ہو گا،علاقے کی ترقی و خوشحالی کےلیے مقامی رہنما اپنا کردار ادا کریں۔ رحمان ملک نے کہا کہ ناراض بلوچ رہنمائوں کو قومی دھارے میں لائیں گے،گاڑیوں کی گوادر درآمد سے متعلق عرب امارات کی کمپنیوں سے بات کی جائیگی او رکوسٹ گارڈ اور پولیس میں بھرتی کیلئے تعلیم کی شرط میٹرک کے بجائے مڈل کر دی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ نادرا بلوچستان کے تمام ملازمین کو جلد مستقل کر دیا جائے گا۔

خبر کا کوڈ : 18327
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش