0
Sunday 29 Jul 2012 19:11

کمشنر کراچی کی ہدایت پر ذخیرہ اندوزوں اور گرانفراشوں کے خلاف کریک ڈاؤن

کمشنر کراچی کی ہدایت پر ذخیرہ اندوزوں اور گرانفراشوں کے خلاف کریک ڈاؤن
اسلام ٹائمز۔ کمشنر کراچی روشن علی شیخ کی ہدایت پر ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن جاری ہے اور ناجائز منافع خوروں پر جرمانہ، جیل کی سزائیں اور چالان کا سلسلہ جاری ہے، کمشنر کراچی روشن علی شیخ نے اتوار کو میڈیا کو جاری اپنے ایک بیان میں کہا کہ ماہ رمضان المبارک کے دوران اب تک 2462 گرانفروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کا چالان کیا گیا، مہنگی اشیاء فروخت کرنے والوں پر 27 لاکھ 66 ہزار 6 سو روپے جرمانہ کرکے وصول کیا گیا اور 134 ناجائز منافع خوروں کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے بھجوا دیا گیا۔

روشن علی شیخ نے کہا کہ سرکاری نرخ سے زائد پر اشیاء فروخت کرنے والوں کے ساتھ ان تمام دکانداروں، پتھاروں اور ٹھیلے والوں کے خلاف بھی ایکشن لیا جارہا ہے جنہوں نے سرکاری نرخنامہ نمایاں جگہ پر آویزاں نہیں کیا یا جس کے پاس یہ نرخنامہ موجود نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ نرخنامہ کی عدم موجودگی یا نہ ملنے کے حیلے بہانے ختم کرنے کے لئے انہوں نے رمضان المبارک میں تمام پتھارے والوں، ٹھیلے والوں اور دکانداروں کو یہ خصوصی رعایت دی ہے کہ وہ نرخنامہ فوٹو اسٹیٹ کروا کر بھی آویزاں کر سکتے ہیں، فوٹو اسٹیٹ پرائز لسٹ عوام کی سہولت اور اشیاء فروخت کرنے والوں کے حیلے بہانے ختم کرنے کے لئے تسلیم کی جائیگی۔

کمشنر کراچی نے کہا کہ مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز یعنی ایسٹ کے سمیع الدین صدیقی، ویسٹ کے گنہور علی لغاری، ساؤتھ کے مصطفی جمال قاضی، سینٹرل کے ڈاکٹر سیف الرحمان اور ملیر کے قاضی جان محمد کی جانب سے گرانفروشوں کے خلاف گذشتہ روز کئے جانے والے اقدامات کے نتیجے میں 312 ناجائز منافع خوروں کا چالان کیا گیا، 15 کو جیل بھجوایا گیا اور 3 لاکھ 99 ہزار 2 سو روپے جرمانہ مہنگی اشیاء فروخت کرنے والوں سے وصول کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 183282
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش