0
Sunday 29 Jul 2012 20:42

دادو میں شیعہ تنظیموں کی پیپلز پارٹی کے خلاف احتجاجی ریلی اور دھرنا

دادو میں شیعہ تنظیموں کی پیپلز پارٹی کے خلاف احتجاجی ریلی اور دھرنا
اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی شیعوں کے تحفظ میں ناکام ہوچکی ہے، دادو کے علاقے سیتا میں امام بارگاہ سے قبضہ ختم کیا جائے، ایم پی اے عمران ظفر لغاری کے خلاف شعائر اسلامی کی توہین پر کارروائی کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ مختار نے ایف سی چوک پر دادو میں شیعہ دشمنی کے متعدد واقعات کے خلاف احتجاجی دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں دادو میں پیپلز پارٹی کے ایم پی اے عمران ظفر لغاری کی جانب سے حسینی سیتا امام بارگاہ پر قبضہ، علم عباسؑ کی بے حرمتی اور ایک مومن عبرت حسین کی شہادت کے خلاف ایف سی چوک پر ایم ڈبلیو ایم، آئی ایس او، اصغریہ آرگنائزیشن اور حزب المہدیؑ کی جانب سے احتجاجی دھرنا دیا گیا۔

احتجاجی دھرنے سے مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ مختار امامی، خیرپور کے سیکریٹری جنرل علامہ نشان حیدر ساجدی، جامع مسجد مورو کے امام جمعہ مولانا گل محمد طاہری، آئی ایس او کے رہنما شفقت لانگا، اصغریہ آرگنائزیشن کے مرکزی نائب صدر محمد عالم شیخ، حزب المہدیؑ کے عامر کاظمی اور بدین سے تعلق رکھنے والے عالم دین مولانا شبیر کانڈیو نے خطاب کیا۔ ایف سی چوک پر منعقدہ احتجاجی دھرنے میں لگ بھگ تین ہزار کے قریب لوگ موجود تھے۔ جو مردہ باد امریکہ، نامنظور اسرائیل، دادو انتظامیہ مردہ باد، عمران ظفر لغاری مردہ باد اور پیپلز پارٹی کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ دادو میں گزشتہ کئی دنوں سے شیعہ آبادیوں میں موجود امام بارگاہوں پر پیپلز پارٹی کے ایم پی اے عمران ظفر لغاری کی جانب سے قبضہ کیا جارہا ہے، حال ہی میں امام بارگاہ حسینی سیتا پر قبضہ کیا گیا اور مزاحمت پر آٹھ مومنین کو زخمی کیا گیا، جو کہ عمران ظفر لغاری کی شیعہ دشمنی کا واضح ثبوت ہے۔ رہنماؤں نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے سوال کیا کہ کیا عمران ظفر لغاری کا یہ اقدام پارٹی پالیسی ہے اگر نہیں ہے تو فی الفور اس کے خلاف ایکشن لیا جائے ورنہ ملت جعفریہ آئندہ الیکشن میں پیپلز پارٹی کے خلاف میدان سجائے گی۔ رہنماؤں نے کہا کہ اندروں سندھ میں دہشت گردوں کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کو لگام دی جائے۔ رہنماؤں نے مزید کہا کہ ملک بھر میں جاری شیعہ ٹارگٹ کلنگ سرزمین خداداد کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی سازش ہے۔

بعد ازاں احتجاجی ریلی کے شرکاء پریس کلب دادو پہنچے جہاں پر تمام رہنماؤں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی شیعوں کے تحفظ میں ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملت جعفریہ آئندہ انتخابات میں کسی بھی شیعہ دشمن کو سپورٹ نہیں کرے گی اور اس امیدوار کے خلاف مہم چلائے گی کہ جو دہشت گردوں سے ساز باز کرے گا چاہے وہ کسی بھی پارٹی سے تعلق کیوں نہ رکھتا ہو۔ رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ پی پی پی کے ایم پی اے کی جانب سے حسینی سیتا امام بارگاہ پر قبضہ کو فی الفور ختم کیا جائے، زخمی لوگوں کو معاوضہ فراہم کیا جائے، عمران ظفر لغاری تحریری طور پر اپنے اس عمل کی معذرت کرے اور شہید عبرت کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔
خبر کا کوڈ : 183295
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش