0
Tuesday 31 Jul 2012 16:16

نئی دہلی، معروف صحافی اصغر علی انصاری انتقال کرگئے

نئی دہلی، معروف صحافی اصغر علی انصاری انتقال کرگئے

اسلام ٹائمز۔ بھارت کے نامور صحافی اصغر علی انصاری جن کا چند ماہ قبل گردہ بدلنے کا آپریشن کیا گیا تھا، کا آج صبح نئی دہلی کے ایک اسپتال میں انتقال ہوگیا، مرحوم گذشتہ دس سال سے اردو نیوز نیٹ ورک (یو این این) کے سربراہ کے طور پر اردو صحافت کی خدمات سرانجام دے رہے تھے، روزنامہ ’’اردو نیٹ‘‘ اخبار بھی ان کی ادارت و نظارت میں کئی سال سے شائع ہو رہا تھا، مرحوم اصغر انصاری نے اردو اخبارات کے بنیادی مسائل ایوان اقتدار تک پہنچانے کے لئے اردو ایڈیٹرز گلڈ کے نام سے ایک تنظیم تشکیل دی تھی، جس کے وہ جنرل سیکرٹری تھے۔ مرحوم کے ورثاء میں ان کی اہلیہ، دو صاحبزادے اور دو صاحبزادیاں شامل ہیں، اصغر انصاری کا جسد خاکی آج ان کے آبائی علاقہ نجیب آباد (یو پی) لے جایا گیا جہاں انکی نماز جنازہ ادا کی گئی۔
 
واضح رہے کہ اصغر انصاری گزشتہ کئی سالوں سے گردے فیل ہوجانے کی وجہ سے ڈائلیسس پر چل رہے تھے اور چند ماہ قبل ہی وہ ٹرانسپلانٹیشن کے عمل سے گزرے تھے، ایک ہفتہ قبل اچانک اس گردے نے بھی کام کرنا بند کردیا تھا، جس کے بعد انہیں ایک پرائیوٹ اسپتال میں داخل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے اور داعی اجل کو لبیک کہہ گئے۔ مرحوم اصغر انصاری نے بارہا اسلام ٹائمز کو اپنی آراء سے مستفید کیا اور اپنی خدمات سے بھی نوازتے رہے، اصغر انصاری کے انتقال کی خبر پر اردو صحافت کے حلقوں میں سخت رنج و غم کا اظہار کیا گیا، اردو ایڈیٹر فورم کے تمام عہدیداران نے مرحوم کی مغفرت کے لئے دعا کی ہے۔

خبر کا کوڈ : 183640
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش