0
Wednesday 1 Aug 2012 17:42

مسلم لیگ (ن) نے شیخ رشید کو پارٹی میں شامل نہ کرنے کا باضابطہ فیصلہ کر لیا

مسلم لیگ (ن) نے شیخ رشید کو پارٹی میں شامل نہ کرنے کا باضابطہ فیصلہ کر لیا
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ن) نے مقامی قیادت کی بھرپور مخالفت پر عوامی مسلم لیگ کے رہنما شیخ رشید کو پارٹی میں شامل نہ کرنے کا باضابطہ طور پر فیصلہ کر لیا ہے جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے مقامی رہنماؤں نے بھی شیخ رشید کے ساتھ انتخابی اتحاد کی مخالفت کر دی۔ تفصیلات کے مطابق عوامی مسلم لیگ کے رہنما شیخ رشید نے یہ اعلان کیا تھا کہ انہیں نواز لیگ اور تحریک انصاف کی جانب سے انتخابی اتحاد کی پیشکش کی گئی ہے تاہم وہ اس بارے میں سوچ سمجھ کر فیصلہ کرینگے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز لیگ نے باضابطہ طور پر اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ شیخ رشید کو پارٹی میں شامل نہیں کیا جائیگا۔ ادھر ذرائع کا کہنا ہے کہ شیخ رشید کو پارٹی میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ نواز لیگ کی مقامی قیادت کی بھرپور مخالفت کے باعث کیا گیا۔ نواز لیگ کے رہنما شکیل اعوان، اختر محمود، سردار نسیم اور حنیف عباسی نے شیخ رشید کی شمولیت پر سخت تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان رہنماؤں نے پارٹی کی اعلیٰ قیادت پر واضح کیا تھا کہ اگر شیخ رشید کو دوبارہ جماعت میں شامل کیا گیا تو وہ نواز لیگ سے اپنی سیاسی وابستگیاں ختم کرنے پر سنجیدگی سے غور کریں گے۔

اس دھمکی کے بعد بالآخر شیخ رشید کی نواز لیگ میں شمولیت کی آخری امید بھی ختم ہو گئی ہے۔ ادھر پاکستان تحریک انصاف کی مقامی قیادت نے بھی عوامی مسلم لیگ کیساتھ انتخابی اتحاد کی مخالفت کرتے ہوئے قیادت سے مطالبہ کیا ہے کہ شیخ رشید سے انتخابی اتحاد نہ کیا جائے جبکہ ان کی پارٹی کو تحریک انصاف میں ضم کیا جائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز لیگ اور پی ٹی آئی کی جانب سے شیخ رشید کے حوالے سے واضح مؤقف کے بعد عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کے پاس اپنے سیاسی مستقبل کے حوالے سے آپشن محدود ہو گئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 184111
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش