0
Tuesday 12 Jan 2010 11:52

لٹیروں سے حساب اور ملک و قوم کی دولت ہر صورت واپس لی جائے گی،کوئی یہ نہ سمجھے عوام کا پیسہ لوٹ کر باہر بھاگ جائے گا،چیف جسٹس

لٹیروں سے حساب اور ملک و قوم کی دولت ہر صورت واپس لی جائے گی،کوئی یہ نہ سمجھے عوام کا پیسہ لوٹ کر باہر بھاگ جائے گا،چیف جسٹس
اسلام آباد:بنک آف پنجاب قرضہ فراڈ کیس کی سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے کہا ہے کہ یہ ملک اور اس کی دولت سب کی ہے کوئی اس غلط فہمی میں نہ رہے کہ قومی دولت لوٹ کر بیرون ملک آرام سے بیٹھ جائے گا،لٹیروں سے حساب لیا جائے گا۔تاہم جو بے گناہ ہو گا عدالت اسے تحفظ بھی فراہم کرے گی،بنک آف پنجاب کے مفرور سابق صدر ہمیش خان کی وطن واپسی کے لئے کارروائی تیز کی جائے۔چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے مقدمہ کی سماعت کی۔سیٹھ یعقوب کے وکیل ڈاکٹر عبدالباسط نے عدالت کو بتایا کہ سیٹھ یعقوب بیمار ہیں وہ عدالت میں حاضر ہونے سے قاصر ہیں۔تاہم اس کے گرفتار بیٹوں نے تحریری طور پر عدالت کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ ایک ارب 30 کروڑ روپے ادا کرنے کو تیار ہیں جس کی پہلی قسط کے طور پر 30 کروڑ یعنی کل رقم کا 34 فیصد ادا کیا جائے گا۔تاہم اس کے بدلے گرفتار بیٹوں کو ضمانت پر رہا کیا جائے۔نیب کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ اگر بنک آف پنجاب مطلوبہ رقم کے حصول کے لئے کوئی معاہدہ کرتا ہے تو نیب کو اس پر اعتراض نہ ہو گا۔چیف جسٹس نے بنک آف پنجاب کے وکیل خواجہ حارث سے کہا کہ جو رقم مل رہی ہے وہ تو لیں،باقی کے حصول کے لئے کارروائی جاری رکھیں۔خواجہ حارث نے بتایا کہ سیٹھ یعقوب کی جانب ایک ارب 71 کروڑ روپے واجب الادا ہیں۔عدالت نے حکم دیا کہ 34 فیصد رقم سات روز میں جمع کرائی جائے جبکہ بیٹوں کی ضمانت کے متعلق قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔ایف آئی اے کے ڈائریکٹر لاء اعظم خان نے عدالت کو بتایا کہ ہمیش خان امریکہ میں گرفتار ہے۔وزارت خارجہ نے امریکی محکمہ انصاف کو مطلوب شواہد فراہم کر دئیے ہیں۔ہمیش خان کو جلد پاکستان واپس لایا جائے گا۔عدالت نے حکم دیا کہ اس کی واپسی کے لئے کارروائی تیز کی جائے جبکہ شیخ افضل کو بیرون ملک فرار میں مدد دینے والے سابق چیف کمشنر اسلام آباد فضیل اصغر کے خلاف انکوائری جلد مکمل کی جائے۔عدالت نے بوجہ بیماری سیٹھ یعقوب کو گرفتار نہ کرنے کا بھی حکم دیا اور مزید سماعت 15 فروری تک ملتوی کر دی۔آن لائن کے مطابق چیف جسٹس نے کہا کہ کوئی شخص یہ نہ سمجھے کہ وہ ملک کی دولت لوٹ کر باہر بھاگ جائیگا اور اس سے لوٹا گیا پیسہ واپس نہیں لیا جائیگا یہ ملک اور قوم کی دولت ہے جسے ہرحال میں واپس لیا جائیگا۔ نیب کی جانب سے مقدمے کی انکوائری کے حوالے سے رپورٹ پیش کرتے ہوئے عدالت کو بتایا گیا کہ وفاقی وزیر قانون ڈاکٹر بابر اعوان،شریف الدین پیرزادہ اور سابق اٹارنی جنرل ملک قیوم نے انکوائری کے سلسلے میں نیب کے روبرو پیش ہونے سے انکار کیا ہے۔
 

خبر کا کوڈ : 18413
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش