0
Wednesday 1 Aug 2012 23:14

کرپٹ اور بدکردار قیادت سے نجات کے بغیر خوشحالی ممکن نہیں، میاں محمد اسلم

کرپٹ اور بدکردار قیادت سے نجات کے بغیر خوشحالی ممکن نہیں، میاں محمد اسلم
اسلام ٹائمز۔ نائب امیر جماعت اسلامی پنجاب و سابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ جب تک ہم اپنے سروں پر مسلط کرپٹ اور بدکردار لوگوں سے چھٹکارا حاصل نہیں کریں گے تب تک امن، خوشحالی اور ترقی ممکن نہیں، خوشحالی صرف اسلامی نظام حکومت کے ذریعے ہی ممکن ہے، جماعت اسلامی اللہ کی رحمت اور عوامی استعانت سے اقتدار میں آ کر پاکستان کو مدینے جیسی فلاحی ریاست میں تبدیل کرے گی۔ قرآن و حدیث کی تعلیمات کے مطابق روزے کا مقصد انسان کی ظاہری و باطنی تبدیلی اور تقویٰ کا حصول ہے، اگر روزے کی حالت میں ہمارے معاملات اور اخلاقیات میں تبدیلی واقع نہیں ہو رہی تو ہمیں جائزہ لینا چاہیے کہ ہمیں روزے کے نتیجے میں بھوک پیاس کے علاوہ بھی کچھ حاصل ہو رہا ہے کہ نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی آئی نائن کے زیر اہتمام دعوت افطار کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

میاں محمد اسلم نے کہا رمضان المبارک اول تا آخر رحمتوں برکتوں اور مغفرت کا مہینہ ہے، یہ ماہ مبارک ہمدردی اور غمخواری کا تقاضا کرتا ہے جس کا صلہ جنت قرار پایا ہے۔ میاں محمد اسلم نے جماعت اسلامی کی تین نکاتی دعوت پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہماری زندگی کا مقصد اقامت دین کی جدوجہد ہے، خود اپنی زندگی کو قرآن و حدیث کے سانچے میں ڈالتے ہوئے اللہ کی زمین پر اللہ کے نظام کا غلبہ ہمارا مقصد حیات ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا انقلابی منشور آج گھر گھر پہنچ رہا ہے، اب یہ عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ آئندہ انتخابات میں ایسے لوگوں کو منتخب کریں جو اہل اور دیانت دار ہوں، اگر ان ہی لوگوں کو دوبارہ ووٹ دیں گے جنہوں نے پہلے مایوس کیا تو مسائل سے نجات نہیں مل سکے گی، نجات اور خوشحالی صرف اسلامی نظام میں ہے جس کا بیڑہ جماعت اسلامی نے اٹھایا ہے، ہم پاکستان کو مدینے جیسی فلاحی ریاست بنانے کا عزم رکھتے ہیں کہ جس میں حقوق لوگوں کو ان کی چوکھٹ پر میسر ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 184177
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش