0
Thursday 2 Aug 2012 04:45

پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ غیر منطقی ہے، واپس لیا جائے، جماعت اسلامی

پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ غیر منطقی ہے، واپس لیا جائے، جماعت اسلامی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کراچی کے سابق اراکین قومی و صوبائی اسمبلی مظفر احمد ہاشمی، لئیق احمد خان، نصراللہ خان شجیع، یونس بارائی اور حمید اللہ خان ایڈووکیٹ نے رمضان کے مبارک مہینے میں حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمتوں میں 8 روپے فی لیٹر تک کے خطیر اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے عوام پر پیٹرول بم گرانے کے مترادف قرار دیا ہے۔ انہوں نے صدر اور وزیراعظم سے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ قیمتوں میں اضافہ نہ صرف واپس لیا جائے بلکہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے تناظر میں پاکستان میں قیمتیں خاطر خواہ حد تک کم کی جائیں تاکہ عوام سکھ کا سانس لے سکے۔

ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت اقتدار کے آخری دنوں میں کھل کر عوام دشمنی پر اتر آئی ہے۔ پیٹرول، گیس، بجلی اور اشیائے صرف کی قیمتوں میں یکے بعد دیگرے پے در پے اضافے نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود پاکستان میں نرخوں میں اضافہ غیر منطقی ہے، پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا براہ راست اثر تمام اشیائے صرف پر پڑے گا اور مہنگائی میں مزید اضافہ ہوجائیگا۔ انہوں نے کہا کہ رمضان کا بابرکت مہینہ عوام کیلئے آزمائش بن گیا ہے، معاشی مسائل کی وجہ سے لوگ اطمینان قلب اور یکسوئی کے ساتھ عبادت تک نہیں کر پا رہے۔ اسلام کے نام پر بننے والی فلاحی مملکت کو ناعاقبت اندیش حکمرانوں نے مسائلستان بنا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت تو اول روز سے ہی کرپشن اور لوٹ مار کا بازار گرم کئے ہوئے مگر وہ اتحادی جماعتیں جو خود کو عوامی نمائندہ کہلاتے نہیں تھکتیں اور بات بات پر استعفے کی سیاست کر رہی ہوتی ہیں، اس شدید مہنگائی اور پیٹرول بجلی کی قیمتوں میں اضافے پر کیوں خاموش ہیں، ان کی مجرمانہ خاموشی اس بات کی چغلی کھا رہی ہے کہ عوام پر حکومتی ظلم و زیادتی میں وہ بھی برابر کی شریک ہیں۔ انہوں نے صدر مملکت اور وزیراعظم پاکستان سے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ خدارا عوام پر رحم کریں اور بجلی، پیٹرول اور سی این جی کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو نہ صرف واپس لیا جائے بلکہ عالمی مندی کی مناسبت سے خاطر خواہ کمی کی جائے تاکہ عوام کو کچھ آسانیاں میسر آسکیں۔
خبر کا کوڈ : 184214
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش