0
Wednesday 18 Mar 2009 12:24

جج 2نومبر 2007کی پوزیشن پر بحال ، نوٹیفکیشن جاری

جج 2نومبر 2007کی پوزیشن پر بحال ، نوٹیفکیشن جاری
اسلام آباد ( خصوصی وقائع نگار+ نیوز ایجنسیاں) وفاقی سیکرٹری قانون آغا رفیق نے تمام معزول ججز کی بحالی کا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر مملکت نے چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری کو تمام تر اختیارات و سنیارٹی کے مطابق 3نومبر 2007ء سے عین پہلے کی پوزیشن پر تمام ججز سمیت بحال کیا گیا ہے جن کو کسی نئے حلف کی ضرورت نہیں ہے ۔ گزشتہ روز وزارت قانون میں میڈیا کے سامنے 11معزول ججز کی بحالی کے دو الگ،الگ نوٹیفکیشن دکھاتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے معزول ججز کی بحالی کی سمری وزارت قانون کو منگل کو موصول ہوئی جس کے بعد ان کی بحالی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری سمیت تمام گیارہ معزول ججز کی بحالی کے نوٹیفکیشن جاری کر دیئے گئے ہیں۔ چیف جسٹس افتخار چوہدری کے علاوہ دیگر تمام بحال جج آج سے اپنے دفاتر جاسکتے ہیں سیکرٹری قانون نے بتایا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے معزول چیف جسٹس سمیت پانچ ججز' لاہور ہائی کورٹ کے تین ' سندھ ہائی کورٹ کے دو اور پشاور ہائی کورٹ کا ایک جج بحال کر دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بحال ہونے والے ججز میں سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس جسٹس افتخار محمد چوہدری' جسٹس خلیل الرحمان رمدے' جسٹس راجہ فیاض احمد' جسٹس چوہدری اعجاز احمد' اور جسٹس جاوید اقبال ،لاہور ہائی کورٹ کے تین ججز جسٹس خواجہ محمد شریف' جسٹس اعجاز احمد چوہدری' جسٹس اقبال حمید الرحمان جبکہ سندھ ہائی کورٹ کے دو ججز جسٹس مشیر عالم ' مقبول باقر کو بھی فوری طور پر بحال کردیا گیا ہے ان کا کہنا تھا کہ پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس اعجاز افضل خان کو بھی ان کے عہدے پر بحال کردیا گیا ہے۔ سیکرٹری قانون نے کہا کہ جسٹس عبد الحمید ڈوگر اکیس مارچ کو ریٹائر ہو جائیں گے جبکہ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد بائیس مارچ کو چیف جسٹس کا چارج سنبھالیں گے۔ قبل ازیں صدارتی ترجمان فرحت اللہ بابر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے معزول چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کو21مارچ2009 کوموجودہ چیف جسٹس عبدالحمیدڈوگر کی ریٹائرمنٹ کے بعد چیف جسٹس پاکستان کی حیثیت سے بحال کر دیا ہے جبکہ عدالت عظمی کے چار اور لاہور، سندھ اور پشاور ہائیکورٹ کے چھ معزول جج صاحبان کو بھی ان کے عہدوں پر فوری بحال کر دیا گیا ہے۔ صدارتی ترجمان نے پریس ریلیز میں بتایا کہ جسٹس افتخار محمد چوہدری 3نومبر2007سے عین پہلے کی اپنی پوزیشن پر بحال ہونگے۔ترجمان نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے سپریم کورٹ کے چار معزول جج صاحبان کو بھی 3نومبر2007سے عین پہلے کے ان کے عہدوں پر فوری طور پر بحال کر دیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 1844
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش