0
Friday 3 Aug 2012 16:49

برما میں مسلمانوں کے قتل عام پر ملک گیر یوم احتجاج منایا گیا

برما میں مسلمانوں کے قتل عام پر ملک گیر یوم احتجاج منایا گیا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل، مجلس وحدت مسلمین پاکستان اور دفاع پاکستان کونسل کی اپیل پر برما میں مسلمانوں کے قتل عام پر ملک گیر یوم احتجاج منایا گیا۔ ملک کے چاروں صوبوں بشمول کشمیر، گلگت بلتستان، شمالی علاقہ جات کے ہیڈ کواٹر پر نیٹو سپلائی امریکی مداخلت اور برما کے مظلوم مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف احتجاجی دھرنے، مظاہرے جلسے جلوس اور جمعۃ المبارک کے اجتماعات میں مذمتی قرار دادیں پاس کی گئیں۔

مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے احتجاجی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان دنوں سارا عالم اسلام مغرب اور کفری طاقتوں کیلئے لقمہ تر بنا ہوا ہے، خصوصاً برما کے مسلمانوں پر ان دنوں وہاں کے وحشی اور درندہ صفت بدھسٹ قیامت بپا کئے ہوئے ہیں، معصوم اور نہتے بیس ہزار سے زائد مسلمانوں کو تہ تیغ کیا گیا ہے، ان بیچاروں کا قصور صرف کلمہ گوئی ہے۔ مولانا نے اس موقع پر اقوام متحدہ اور مسلمانوں کی نیم جان تنظیم او آئی سی اور خصوصاً حکومت پاکستان پر یہ زور دیا ہے کہ وہ اس ظلم عظیم کے خلاف اپنے اپنے پلیٹ فارم سے پر زور احتجاج کریں۔

علامہ اسدی نے کہا کہ مسلمان حکمران وہاں کی فاشسٹ حکومت پر یہ پریشر ڈالیں کہ پورا عالم اسلام ان مظلوم مسلمانوں کی پشت پر کھڑا ہے، پھر اقوام متحدہ اور امریکہ جو بات بات پہ مسلم ملکوں کے خلاف جنگیں لڑتے ہیں اور پابندیاں لگاتے ہیں وہ کیوں اس وحشت اور بربریت کے کھیل پر چپ سادھے بیٹھے ہیں۔ سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ پورے عالم اسلام کو عالم کفر کے خلاف یک زبان ہو جانا چاہے، مسلمانوں کے مشترکہ اتحاد نہ ہونے کی وجہ سے عالم کفر آج ہم پر حاوی ہوتا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی انسانی حقوق کی تنظیمیں بھی اس بربریت پر خاموش ہیں جو کہ مقام افسوس ہے۔

لاہور میں جامعہ رحمانیہ عبدالکریم روڈ اور شاہدرہ میں جے یو آئی کے کارکنوں نے مظاہرہ کیا۔ یوم احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولانا محمد امجد خان نے کہا کہ برما میں مسلمانوں پر بدترین مظالم ڈھائے گے مساجد کو شہید کر دیا گیا مردوں عورتوں بچوں اور گھروں کو آگ میں جلایا گیا لیکن عالمی ادارے انسانی حقوق کے دعوے دار خاموش تماشائی بن کر تاریخ کا بدترین ظلم دیکھتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ برما میں مسلمانوں کے بدترین قتل عام پر یو این او کی خاموشی اس بات کا واضع ثبوت ہے کہ یہ ادارہ صرف بڑی طاقتوں کے اشارے پر حرکت میں آتا ہے۔ انہوں نے مسلم حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ وہ او آئی سی کا اجلاس بلا کر برما میں مسلمانوں کے قتل عام کا فی الفور نوٹس لیں۔
خبر کا کوڈ : 184559
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش