0
Saturday 4 Aug 2012 03:55

برما کے مظالم پر عالمی قوتوں کا دوہرا معیار پوری دنیا کا امن تباہ کردے گا، محمد حسین محنتی

برما کے مظالم پر عالمی قوتوں کا دوہرا معیار پوری دنیا کا امن تباہ کردے گا، محمد حسین محنتی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ تیمور اور ایسٹ سوڈان کی طرح برما کے صوبے اراکان میں ریفرنڈم کیوں نہیں کراتی، عالمی قوتوں کا دوہرا معیار پوری دنیا کا امن تباہ کردے گا۔ حکومت برما میں مسلمانوں کے قتل عام پر سفیر کو طلب کرکے احتجاج کرے۔ اسلامی ممالک اس ظلم کے خلاف مشترکہ طور پر آواز بلند کریں۔ سیاسی جماعتیں برما کے مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف مشترکہ احتجاجی مارچ کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سید منور حسن کی اپیل پر برما کے مسلمانوں کی نسل کشی کے خلاف ملک گیر یوم احتجاج کے سلسلے میں جامع مسجد بنوری ٹاؤن کے باہر منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

احتجاجی مظاہرے سے جماعت اسلامی کراچی کے جنرل سیکریٹری نسیم صدیقی، نائب امراء ڈاکٹر عبدواسع شاکر، نصراللہ خان شجیع اور دیگر نے خطاب کیا۔ مظاہرے میں زندگی کے مختلف سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ’’ برما کے مسلمانوں کا قتل عام بند کرو ‘‘  ’’ برما کے مسلمانوں کی نسل کشی پر اقوام متحدہ اور میڈیا خاموش کیوں ‘‘ اور دیگر نعرے درج تھے۔

محمد حسین محنتی نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ گزشتہ 2 ماہ سے برما کے مسلمانوں کا خون بہایا جا رہا ہے اور دنیا کا کوئی ادارہ اس پر آواز بلند نہیں کر رہا۔ برما کے سفیر کو طلب کیا جائے۔ قتل عام رکوانے کی اپیل کی جائے اگر قتل عام نہ رکے تو سفیر کو ناپسندیدہ قرار دے کر ملک بدر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں سب سے زیادہ برما کے مسلمان بے یار و مددگار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برما میں تیمور اور ایسٹ سوڈان کی طرح ریفرنڈم کیوں نہیں کرایا جاتا؟ یہ اقوام متحدہ کا دوہرا معیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان برما میں ہونے والے مظالم کے خلاف متحد ہیں اور چاہتے ہیں کہ حکومت کوئی مثبت قدم اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کی نسل کشی کی جارہی ہے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس تک طلب نہیں کیا گیا۔ پوری دنیا کے مسلم حکمران برما کے مسلمانوں کے حق میں مل کر آواز بلند کریں۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ مظلوم مسلمانوں کے حق میں آواز بلند کی ہے۔ برما کے مسلمان ہمارے بھائی ہیں ہم انہیں بھی تنہا نہیں چھوڑ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پیپلز پارٹی، ن لیگ سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو دعوت دیتے ہیں کہ اس مسئلے پر مل کر مارچ کریں۔ نسیم صدیقی نے کہا کہ برما کے مسلمانوں پر ہونے والے ظلم و تشدد پر مسلمان خاموشن نہیں رہ سکتے۔ عالمی برادری کو برما میں مسلمانوں کی نسل کشی کا نوٹس لینا چاہیے۔ نصر اللہ خان شجیع نے کہا کہ آج افغانستان، عراق، کشمیر، فلسطین میں مسلمانوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں اور برما میں مسلمانوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 184657
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش