QR CodeQR Code

پاکستانی فوج سرحد پار سے حملے کر رہی ہے، افغان اراکین پارلیمنٹ کا الزام

پاکستان سے حملوں کا الزام، افغان وزیر دفاع اور داخلہ نااہل قرار

5 Aug 2012 02:16

اسلام ٹائمز: مقامی اخبار کے مطابق ایوان میں رائے شماری کے دوران 146 اراکین پارلیمنٹ نے وزیر دفاع جبکہ 126 نے وزیر داخلہ کے خلاف ووٹ دیا، اور صدر کرزئی سے نئے وزراء کی نامزدگی کا مطالبہ کیا۔


اسلام ٹائمز۔ افغان پارلیمنٹ نے پاکستانی فورسز کی جانب سے حملوں پر افغان وزیر دفاع اور داخلہ کو نااہل قرار دیدیا ہے۔ مقامی اخبار کے مطابق افغان پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران وزیر داخلہ بسم اللہ محمدی نے پارلیمنٹ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ پاکستانی علاقوں سے ملک پر ہونیوالے حملوں کا معاملہ انتہائی سنگین ہوگیا ہے اور ہم اس معاملے کو سفارتی طریقے سے حل کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔ انہوں نے وزارت دفاع کو تجویز دی کہ وہ اس معاملے سے نمٹنے کیلئے پاکستان سے ملحقہ سرحدی علاقوں میں فوج کی تعیناتی کو یقینی بنائے۔ 

افغان انٹیلی جنس چیف رحمت اللہ نبیس نے جنرل دوستم اور مارشل محمد فہیم سے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان سے ہونیوالے حملوں کی روک تھام کیلئے ضروری ہے کہ کم ازکم 10 ہزار فورسز کو سرحدی علاقے میں تعینات کیا جائے۔ اراکین پارلیمنٹ ڈاکٹر جعفر مدھاوی اور لشکریہ بارکزئی نے دوران اجلاس افغان وزیر داخلہ اور دفاع کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ افغان سرحدی علاقے میں پاکستان سے ہونیوالے حملوں پر دونوں وزراء کی خاموشی باعث تشویش ہے۔ اس موقع پر افغان وزیر دفاع عبدالرحیم وردگ نے کہا کہ ہم اس معاملے پر خاموش نہیں ہیں۔ انہوں نے پارلیمنٹ کو بتایا کہ پاکستان سے ملحقہ صوبہ نورستان میں افغان قومی فوج کو نئی بریگیڈ بنائی جارہی ہے جو 201 سے 203 جوانوں پر مشتمل ہوگی۔

دریں اثناء سپیکر پارلیمنٹ عبدالرئووف ابراہیمی نے اعلان کیا کہ پارلیمنٹ نے وزیر داخلہ اور دفاع کو ملک بھر میں سیکورٹی کی بگڑتی ہوئی صورتحال سے نمٹنے میں ناکامی اور سرحد پار سے حملوں کے معاملے پر نااہل قرار دیدیا ہے۔ ایوان میں دونوں وزراء کے خلاف رائے شماری کے دوران 249 میں سے 228 اراکین موجود تھے۔ 146 اراکین پارلیمنٹ نے وزیر دفاع جبکہ 126 نے وزیر داخلہ کے خلاف ووٹ دئیے۔ ابراہیمی نے صدر حامدرکزئی سے کہا ہے کہ وہ فوری بنیادوں پر دفاع اور داخلہ کے نئے وزراء منتخب کریں تاکہ وہ ایوان سے اعتماد کا ووٹ حاصل کریں۔


خبر کا کوڈ: 184927

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/184927/پاکستان-سے-حملوں-کا-الزام-افغان-وزیر-دفاع-اور-داخلہ-نااہل-قرار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org