0
Sunday 5 Aug 2012 00:19

شام کے شہر حلب میں فوجی اڈے پر مزاحمت کاروں کی ٹینکوں سے بمباری

براک اوباما نے شام کے باغیوں کو اسلحے کی سپلائی کے خفیہ منصوبے پر دستخط کردیئے
شام کے شہر حلب میں فوجی اڈے پر مزاحمت کاروں کی ٹینکوں سے بمباری
اسلام ٹائمز۔ شام کے شہر حلب میں ہوائی اڈے پر مزاحمت کاروں نے ٹینکوں سے بمباری کردی۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق مزاحمت کاروں نے بڑی تعداد میں ٹینکوں پر قبضہ کیا ہواہے اور اب مزاحمت کاروں نے ان ٹینکوں سے فوجی ہوائی اڈے پر بمباری کی ہے۔ یہ فوجی ہوائی اڈہ حلب شہر سے تیس کلومیٹر دور واقع ہے۔ مزاحمت کاروں کا کہنا ہے کہ شامی فوج اس ہوائی اڈے کو باغیوں پر حملے کیلئے استعمال کررہی ہے۔ اقوام متحدہ نے بھی شام کی حکومت کیخلاف لڑنے والے باغیوں کے پاس بھاری اسلحے کی موجودگی کی تصدیق کی ہے۔

دوسری جانب شام کی سکیورٹی فورسز اور باغیوں میں جھڑپیں جاری ہیں جس کے نتیجے میں مزید پچاس افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ دوسری جانب جنرل اسمبلی نے شام کے خلاف قرارداد مذمت منظور کرلی ہے جسے روس نے پوری دنیا کیلئے نقصان دہ قرار دیا ہے۔ بھاری اکثریت سے پاس ہونے والی قرارداد میں شام کی حکومت کی شدید مذمت کی گئی ہے جبکہ قرارداد کے اصل محرک سعودی عرب نے قرارداد کی منظوری کو شامی عوام کی فتح قرار دیا۔
 
شام کے سفیر نے اسے ڈھونگ قرار دیتے ہوئے قرارداد کی مذمت کی ہے۔ ایک سو ترانوے کے ایوان میں ایک سو تینتیس ممالک نے حق اور بارہ نے مخالفت میں ووٹ دیئے۔ اکتیس ممالک غیرجانبدار رہے۔ شام میں جاری سرکاری فورسز اور باغیوں میں جاری جھڑپوں میں اب تک ہزاروں افراد مارے جا چکے ہیں۔ اپوزیشن نے دعوی کیا ہے کہ شہر حما میں جھڑپوں کے دوران مزید پچاس افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

ادھر امریکی صدر براک اوباما نے شام کے باغیوں کو اسلحے کی سپلائی کے خفیہ منصوبے پر دستخط کردیئے ہیں۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق اوباما نے خفیہ منصوبے پر دستخط رواں سال کے اوائل میں کئے تھے۔ اس منصوبے کے تحت سی آئی اے اور دیگر ایجنسیوں کو شام کے باغیوں کی مدد کرنے کا اختیار مل گیا ہے۔ براک اوباما شروع میں باغیوں کو مسلح کرنے کے خیال کی مخالفت کرتے رہے ہیں تاہم صدر بشارالاسد کی حکومت کا تختہ الٹنے میں ناکامی کے بعد امریکا نے اپنا فیصلہ تبدیل کیا ہے۔ امریکی تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ بشار الاسد حکومت گرنے میں تاخیر کے باعث حکومت پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 184952
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش