QR CodeQR Code

سپریم کورٹ کی آزادی پر کیا جانیوالا ہر وار ناکام ہوگا، سید وسیم اختر

5 Aug 2012 02:56

اسلام ٹائمز: امیر جماعت اسلامی پنجاب نے توہین عدالت قانون کو کالعدم قرار دینے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور اس کے اتحادی عدالت کے ساتھ بغاوت کا سلسلہ بند کریں۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے عدالت کی جانب سے توہین عدالت قانون کو کالعدم قرار دینے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر اور وزیر اعظم کو توہین عدالت قانون سے مستثنیٰ قرار دینا غیر آئینی ہے، نیا قانون عدالتی اختیارات کم کرنے کے مترادف ہے، اسے حکومت نے چند لوگوں کے لئے قانون بنایا تھا، جس کا سپریم کورٹ کی جانب سے کالعدم قرار دیا جانا خوش آئند فیصلہ ہے، انہوں نے کہا کہ اداروں کے درمیان تصادم کی فضاء پیدا کی جارہی ہے، 18 کروڑ عوام پیپلز پارٹی کو سیاسی شہید نہیں بننے دیں گے، عدلیہ صحیح فیصلے کر رہی ہے، سپریم کورٹ کی آزادی پر کیا جانے والا ہر وار انشا ء اللہ ناکام ہوگا۔
 
انہوں نے کہا کہ حکومت اور اس کے اتحادی عدالت کے ساتھ بغاوت کا سلسلہ بند کریں، اگر آئندہ بھی پارلیمنٹ کوئی متنازعہ قانون سازی کرے گی تو اس کا بھی حشر یہی ہوگا، ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لئے قوم کو نان ایشوز میں الجھا رہی ہے، موجودہ حکومت ہر محاذ پر بری طرح ناکام ہوچکی ہے، حکمرانوں کی کارکردگی قوم کے سامنے ہے، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ساڑھے چار سالہ دور اقتدار میں وطن عزیز کو کرپشن، ٹیکس چوری اور خراب طرز حکمرانی کی وجہ سے 8.5 ٹریلین روپے کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔


خبر کا کوڈ: 184958

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/184958/سپریم-کورٹ-کی-آزادی-پر-کیا-جانیوالا-ہر-وار-ناکام-ہوگا-سید-وسیم-اختر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org