QR CodeQR Code

بجلی کی فراہمی پر آزاد کشمیر کے کسی علاقے سے امتیازی سلوک نہیں ہونے دونگا، یعقوب

5 Aug 2012 10:59

اسلام ٹائمز: تاجروں سے بات چیت کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ پونچھ ڈویژن کے تاجروں سے ہونیوالے معاہدرے پر سو فیصد عمل کیا جائے گا۔ سحری اور افطاری کے وقت لوڈشیڈنگ نہیں ہونی چاہیے۔


 اسلام ٹائمز۔ صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد یعقوب نے پونچھ ڈویژن میں بجلی کی طویل ترین لوڈشیڈنگ کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے محکمہ برقیات اور واپڈا حکام سے کہا ہے کہ پونچھ ڈویژن کے تاجروں سے ہونے والے معاہدے پر سوفیصد عمل کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں سحری اور افطاری کے وقت لوڈشیڈنگ کر کے لوگوں کی بددعائیں نہ لی جائیں اور وفاقی حکومت کے اعلان کے مطابق سحری اور افطاری کے وقت لوڈشیڈنگ نہیں ہونی چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے پونچھ کے تاجروں سے ملاقات کے دوران وفاقی وزراء سے ٹیلی فونگ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ 
صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ بجلی کی فراہمی کے حوالے سے کشمیر کے کسی ایک علاقے کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں ہونا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ پونچھ ڈویژن میں ۲۴ میں سے ۲۱ گھنٹے بجلی غائب ہوتی ہے۔ پونچھ کے ساتھ اس طرح کی ناانصافی برداشت نہیں کریں گے۔ وفاقی وزیر بجلی و پانی احمد مختار نے کہا کہ بجلی بحران پورے ملک کو درپیش ہے۔ چند جگہوں پر فنی خرابی کے باعث لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ جس کی مرمت جاری ہے انشاء اللہ جلد اس پر قابو پا لیا جائے گا۔ اس موقع پر چیئرمین واپڈا نے بھی لوڈشیڈنگ میں کمی کے لیے خصوصی اقدامات کرنے کی یقین دہانی کروائی۔


خبر کا کوڈ: 185039

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/185039/بجلی-کی-فراہمی-پر-آزاد-کشمیر-کے-کسی-علاقے-سے-امتیازی-سلوک-نہیں-ہونے-دونگا-یعقوب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org