0
Sunday 5 Aug 2012 14:54

را،سی آئی اے اور موساد بلوچستان کو نشانہ بنائے ہوئے ہیں، سید وسیم اختر

را،سی آئی اے اور موساد بلوچستان کو نشانہ بنائے ہوئے ہیں، سید وسیم اختر
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ خدمت خلق اور خوف خدا دلوں میں رکھنے والی قیادت ہی پاکستان کی تقدیر بدل سکتی ہے، وہ دن دور نہیں جب مصر، تیونس، مراکش اور ترکی طرح پاکستان میں بھی اسلامی قوتیں برسراقتدار آئیں گی جس کے بعد غریب عوام کو اس کا حق ملے گا اور وطن عزیز خوشحال، باوقار اور اسلامی فلاحی ریاست حقیقی معنوں میں بن جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پیپلز پارٹی کے گناہوں میں برابر کی شریک ہے، دونوں بڑی جماعتیں اپنے ذاتی مفادات کے لئے 20 ترمیم پر متفق ہو سکتی ہیں تو لاپتہ افراد کی بازیابی، عافیہ صدیقی کی رہائی، مہنگائی، لوڈشیڈنگ میں کمی اور کرپشن کے خاتمے کے لئے کیوں نہیں اکھٹی ہو سکتیں؟

لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کی غلط پالیسیوں نے بلوچستان کو تباہی کے دھانے پر لا کھڑا کیا ہے، بلوچستان کے عوام کا جذبہ حب الوطنی اور پاکستان سے ان کی وابستگی شک و شبے سے بالاتر ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت وقت اپنی غیر منصفانہ اور ظالمانہ پالیسیوں پر نظر ثانی کرے۔ سید وسیم اختر نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو ان کا حق دیا جائے، راء، سی آئی اے اور موساد بلوچستان کو خاص طور پر ٹارگٹ کیے ہوئے ہیں، تاریخ کا بدترین المیہ ہے کہ ایک طرف بھارت امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ گٹھ جوڑ کر کے پاکستان کی سلامتی کو ہر ممکن نقصان پہنچانا چاہتا ہے تو دوسری طرف ہمارے حکمران بھارت کے ساتھ تجارتی معاہدے، ثقافتی طائفوں کا تبادلہ اور اسے پسندیدہ ملک قرار دے رہے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی پنجاب کا کہنا تھا کہ بھارت میں پاکستانی سرمایے کی منتقلی سے ملک کا معاشی ڈھانچہ تباہ و برباد ہو جائے گا، حکومت پاکستان دانشمندی کا مظاہرہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران محاذ آرائی کی سیاست سے اجتناب کریں، اداروں کا احترام ضروری ہے بصورت دیگر ملک کا استحکام خطرے میں پڑ سکتا ہے، رفاعی اداروں پر سیاست نہ کی جائے، پارٹیاں بدلنے اور ٹکٹیں فروخت کرنے والے ملک کی تقدیر نہیں بدل سکتے۔ انہوں نے کہا کہ برما میں مسلمانوں کے ہونیو الے قتل عام کے خلاف حکومت پاکستان آواز بلند کرئے اور اقوام متحدہ میں اس ایشو کو اٹھائے، برمی مسلمانوں کیلئے بنگلہ دیش کو بھی مجبور کیا جائے کہ وہ اپنی سرحد مہاجرین کیلئے کھول دے۔
خبر کا کوڈ : 185086
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش