QR CodeQR Code

رمضان المبارک نفس کے تذکیہ اور تربیت کا مہینہ ہے، نسیم صدیقی

5 Aug 2012 16:50

اسلام ٹائمز:افطار پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے رہنما نے کہا کہ آج معاشرے میں قرآن و سنت کی تعلیمات کی خلاف ورزی ہو رہی ہے اور مسلمان خاموش ہیں، روزہ منکرات کے خلاف آواز بلند کرنے کا بھی درس دیتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کراچی کے جنرل سیکریٹری نسیم صدیقی نے کہا ہے کہ رمضان المبارک نفس کے تذکیہ اور تربیت کا مہینہ ہے، اس مہینے تربیت کا مقصد آئندہ زندگی میں اس پر عمل کرنا ہے تاکہ پوری زندگی اللہ اور اس کے رسولؐ کی اطاعت میں گزاری جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عجب کالونی پاپوش نگر یوسی 1 میں جماعت اسلامی کے تحت منعقدہ افطار پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نسیم صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ اللہ رب العالمین کے دین کی دعوت کیلئے اپنے آپ کو وقف کرنا ہی رمضان المبارک کا پیغام ہے۔ اللہ تعالی نے فرمایا کہ روزہ میرے لئے ہے اور میں ہی اس کا اجر دوں گا، اس سے زیادہ خوش نصیبی کی بات اور کیا ہوسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک مسلمان کیلئے اس سے بڑھ کر کوئی اور بدنصیبی نہیں ہوسکتی کہ اس پر رحمتوں اور برکتوں والا مہینہ، رمضان المبارک آئے اور وہ اس سے فائدہ نہ اٹھا سکے اور اپنے رب کو راضی کرکے اپنی مغفرت نہ کراسکے۔ اس مہینہ میں اللہ رب العزت کی خاص رحمت سایہ فگن رہتی ہے اللہ کی اس رحمت سے محروم رہنے والا ہی حقیقی محروم ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج معاشرے میں قرآن و سنت کی تعلیمات کی خلاف ورزی ہو رہی ہے اور مسلمان خاموش ہیں، روزہ منکرات کے خلاف آواز بلند کرنے کا بھی درس دیتا ہے۔


خبر کا کوڈ: 185112

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/185112/رمضان-المبارک-نفس-کے-تذکیہ-اور-تربیت-کا-مہینہ-ہے-نسیم-صدیقی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org