0
Sunday 5 Aug 2012 19:11

جماعت اسلامی کے زیر اہتمام لوڈشیڈنگ کیخلاف خیبر پختونخوا میں مظاہرے

جماعت اسلامی کے زیر اہتمام لوڈشیڈنگ کیخلاف خیبر پختونخوا میں مظاہرے
اسلام ٹائمز۔ بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کے خلاف جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان کی کال پر صوبہ کے مختلف شہروں میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہروں، ریلیوں کا اہتمام کیا گیا اور احتجاجی جلسے منعقد کیے گئے۔ صوبائی دارالحکومت پشاور میں جماعت اسلامی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات اسرار اللہ خان ایڈووکیٹ، ضلعی امیر بحراللہ خان ایڈووکیٹ اور جماعت اسلامی ضلع پشاور کے جنرل سیکرٹری حمداللہ جان کی قیادت میں لوڈشیڈنگ کے خلاف جماعت اسلامی ضلع پشاور کے دفتر واقع نشتر آباد سے احتجاجی ریلی کا آغاز ہوا۔ ریلی کے آگے موٹر سائیکل سوار نوجوانوں کا دستہ موجود تھا۔ 

ریلی کے شرکاء نے جماعت اسلامی کے جھنڈے، بینرز اور پلے کارڈز اُٹھار کھے تھے۔ جن پر بجلی لوڈشیڈنگ کے خلاف نعرے درج تھے۔ شرکاء نے نشتر آباد سے ہوتے ہوئے جی ٹی روڈ پر احتجاجی مارچ کیا اور جی ٹی روڈ ہشتنگری چوک پہنچنے پر ریلی نے احتجاجی جلسے کی شکل اختیار کرلی۔ اس موقع پر مظاہرین ناکام حکومت مردہ باد، لوڈشیڈنگ بند کرو یا حکومت چھوڑ دو۔ کے نعرے لگاتے رہے۔ اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے جماعت سلامی خیبرپختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات اسراراللہ خان ایڈووکیٹ نے کہا کہ بجلی لوڈشیڈنگ کا مسٔلہ حل کرنے میں بدترین ناکامی کے بعد اے این پی نے لوڈشیڈنگ کے مسٔلے پر اے پی سی کا ڈھونگ رچایا ہے۔ 

جماعت اسلامی ضلع پشاور کے امیر بحراللہ خان ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ بجلی لوڈشیڈنگ کے خلاف جماعت اسلامی کی احتجاجی تحریک جاری رہیگی۔ دریں اثناء بنوں سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق بجلی لوڈشیڈنگ کے خلاف جماعت اسلامی کے زیر اہتمام مین بنوں بازار میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور مظاہرین نے حکومت اور پیسکو کے خلاف زبردست نعرے لگائے۔ مظاہرین کی قیادت جماعت اسلامی ضلع بنوں کے امیر مولوی صفت اللہ اور نائب امیر نورالامین کر رہے تھے۔

جماعت اسلامی ضلع سوات کے امیر محمد آمین کی قیادت میں بجلی لوڈشیڈنگ کے خلاف گرین چوک مینگورہ میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی ضلع سوات کے امیر محمد امین نے کہا کہ اے این پی حکومت خود کو صوبے میں جاری بدترین لوڈشیڈنگ سے بری الذمہ نہیں کرسکتی۔ حکمرانوں نے صوبے کو لالٹین کے دور میں پہنچادیا ہے۔ شیر گڑھ سے ملنے والے اطلاعات کے مطابق شیرگڑھ مین بازار میں لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
 
جس سے سابق صوبائی وزیر فضل ربانی ایڈووکیٹ، حبیب رسول ولی خان اور یوسف خان نے خطاب کیا۔ علاوہ ازیں صوبے کے دیگر شہروں سے بھی لوڈشیڈنگ کے خلاف جماعت اسلامی کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہروں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 185113
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش