0
Sunday 5 Aug 2012 18:56

کوئٹہ، مکان میں کھڑی گاڑی میں دھماکہ، 5 افراد ہلاک، متعدد زخمی

کوئٹہ، مکان میں کھڑی گاڑی میں دھماکہ، 5 افراد ہلاک، متعدد زخمی
اسلام ٹائمز۔ کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر واقع کلی فیض آباد کے قریب ایک مکان میں کھڑی گاڑی میں زور دار دھماکہ کے نتیجے میں 5افراد ہلاک جبکہ 4 خواتین اور 6 بچوں سمیت 15 سے زائد شدید زخمی ہو گئے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر سول اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ تاہم ڈاکٹروں کی ہڑتال کی وجہ سے زخمیوں کو بروقت امداد نہ ملنے سے مشکلات درپیش آئیں، جبکہ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ ذرائع کے مطابق آج اتوار کے روز کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ کلی فیض آباد کے نزدیک بادینی چوک پر ڈاکٹر اعظم مینگل کے گھر میں کھڑی گاڑی میں زور دار دھماکہ ہوا۔ جس کے ساتھ ہی گھر میں آگ لگ گئی اور وہاں موجود 5 افراد ہلاک ہو گئے، جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہے۔ 

دھماکہ میں 15 زائد افراد شدید زخمی ہو گئے، جن میں سے بعض کی حا لت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ زخمیوں میں 4 خواتین 6 بچے بھی شامل ہیں، دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ نہ صرف اس کی آواز شہر کے تمام علاقوں میں سنی گئی بلکہ اس سے دو قریبی گھر بھی مکمل طور پر تباہ ہو گئے جبکہ متعدد کو شدید نقصان پہنچا۔ جس گھر میں دھماکہ ہوا وہ مکمل طور پر ڈھیر ہوگیا ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایف سی اور پولیس کی بھاری نفری موقعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

 دھماکہ کے بعد جاں بحق اور شدید زخمی ہونے والوں کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال کوئٹہ پہنچایا گیا۔ جہاں ڈاکٹرز اور دیگر عملے نے زخمیوں کو طبی امداد دی۔ تاہم ڈاکٹروں کی ہڑتال کی وجہ سے اکثر ڈاکٹر غیر حاضر تھے۔ جس کی وجہ سے زخمیوں کو بروقت طبی امداد نہ ملنے کی وجہ سے مشکلات درپیش رہیں۔ ڈی آئی جی آپریشن وزیر خان ناصر نے بتایا کہ 80 کلو دھماکہ خیز مواد ایک گاڑی میں نصب کیا گیا تھا۔ جو زور دار دھماکے سے پھٹ گیا، جس سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔
 
مالک مکان ڈاکٹر اعظم مینگل کے متعلق پولیس حکام کا کہنا تھا کہ انکے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ خود اس وقت دوبئی میں ہیں۔ جبکہ انہوں نے یہ گھر کرایہ پر نوشکی سے آنے والے افراد کو دیا ہوا تھا۔ کرایہ داروں کے بارے میں معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔ جبکہ علاقہ کے مکینوں کا کہنا ہے کہ مذکورہ گھر میں زیادہ تر بچے اور خواتین رہتی تھیں۔ مردوں کا وہاں کم آ نا جانا تھا۔ پولیس نے واقعہ کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کر دی ہے۔
خبر کا کوڈ : 185125
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش