0
Monday 6 Aug 2012 03:51

پاکستانیوں کے دلوں میں حزب اللہ کی محبت کو کم نہیں کیا جا سکتا، مسلم لیگ ن

پاکستانیوں کے دلوں میں حزب اللہ کی محبت کو کم نہیں کیا جا سکتا، مسلم لیگ ن
اسلام ٹائمز۔ حزب اللہ لبنان کے وفد نے حزب اللہ کے سیاسی امور کے انچارج ڈاکٹر احمد ملی کی سربراہی میں پاکستان مسلم لیگ نواز کے مرکزی رہنما سلیم ضیاء اور دیگر رہنماؤں سے ملاقات کی، وفد میں القدس ایسوسی ایشن لبنان کے سربراہ ڈاکٹر حیدر دقماق سمیت فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی ترجمان صابر کربلائی بھی موجود تھے جبکہ پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنماؤں میں اظہر ہمدانی اور تنویر تنولی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما سیلم ضیاء کا کہنا تھا کہ حزب اللہ کی جدوجہد اصولی اور مثالی جدوجہد ہے جسے فراموش نہیں کیا جا سکتا، ان کا کہنا تھا کہ حزب اللہ ہی وہ واحد سیاسی جماعت ہے کہ جس نے سیاسی و مزاحمتی میدانوں میں بیک وقت عالمی دہشت گردوں امریکہ اور اسرائیل کو بدترین شکست سے دوچار کیا ہے اور پاکستانیوں کے دلوں میں حزب اللہ کی محبت کو کسی طرح کم نہیں کیا جا سکتا اور حزب اللہ لبنان کی اصل سیاسی حقیقت ہے۔

پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما سلیم ضیاء کا کہنا تھا کہ امریکہ اور اسرائیل عالمی دہشت گرد ہیں کہ جنہوں نے عراق، افغانستان سمیت دنیا بھر میں متعدد ممالک پر جنگیں مسلط کیں اور لاکھوں بے گناہ انسانوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ اور اسرائیل کے خلاف جنگی جرائم کے مقدمات چلائے جانے چاہئیں اور ذمہ دار افراد کو سخت سے سخت سزائیں دی جائیں۔ سلیم ضیاء کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ فلسطینی کاز کی حمایت کی ہے اور آج بھی ہم حزب اللہ کی حمایت کرتے ہیں اور حزب اللہ کو غاصب اسرائیل کے ساتھ 2006ء ہونے والی 33 روزہ جنگ میں حزب اللہ کی عظیم الشان کامیابی کو عالم اسلام کی کامیابی تصور کرتے ہوئے حزب اللہ کے قائد سید حسن نصر اللہ کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے حزب اللہ کے سیاسی امور کے سربراہ ڈاکٹر احمد ملی کا کہنا تھا کہ حزب اللہ کے شہید قائد سید عباس موسوی پاکستان کے عوام سے بے پناہ محبت کرتے تھے اور یہی وجہ ہے آج بھی حزب اللہ پاکستان کے عوام سے بے پناہ محبت اپنے دلوں میں رکھتی ہے، ڈاکٹر احمد ملی کا کہنا تھا کہ سنہ 1992ء میں حزب اللہ کے عظیم قائد سید عباس موسوی کی اسرائیلی حملہ میں شہادت کے بعد پاکستان وہ پہلا اسلامی ملک تھا اور پاکستان مسلم لیگ نواز کے سربراہ میاں نواز شریف وہ پہلے اسلامی ملک کے لیڈر تھے کہ جنہوں نے شہید عباس موسوی کی شہادت پر حزب اللہ کو تعزیت پیش کی اور غاصب اسرائیل کی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ حزب اللہ کے رہنما ڈاکٹر احمد ملی نے پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما سلیم ضیاء کو بتایا کہ حزب اللہ آج پہلے سے زیادہ مضبوط اور اسرائیل کو منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اس موقع پر فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی ترجمان صابر کربلائی نے سلیم ضیاء کو فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی چار سالہ کارکردگی کا جائزہ پیش کیا۔
خبر کا کوڈ : 185238
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش