0
Monday 6 Aug 2012 17:09

پاکستان میں حزب اللہ لبنان کے رہنماؤں کے دورہ جات کی تفصیلی رپورٹ

پاکستان میں حزب اللہ لبنان کے رہنماؤں کے دورہ جات کی تفصیلی رپورٹ
اسلام ٹائمز۔ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان نے ماہ رمضان المبارک میں مظلوم فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے عنوان سے مختلف پروگرامز ترتیب دئیے جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور صوبائی دارالحکومت کراچی میں بالترتیب 29 جولائی اور 31 جولائی کو ’’ بین الاقوامی یکجہتی فلسطین کانفرنسز ‘‘ کا انعقاد بعنوان ’’ فلسطین، فلسطینیوں کا وطن ‘‘ کیا۔ اس حوالے سے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان نے فلسطین، لبنان، شام، ایران سمیت متعدد ممالک سے فلسطینی تحریکوں بشمول حماس، حزب اللہ، جہاد اسلامی سمیت دیگر تنظیموں اور اداروں کے رہنماؤں کو پاکستان مدعو کیا جن رہنماؤں کو پاکستان دعوت کی گئی تھی ان میں مندرجہ ذیل شامل ہیں۔

1۔ ڈاکٹر شیخ الاسلام (ممبر پارلیمنٹ و انچارج انتفاضہ فلسطین کانفرنس)
2۔ ڈاکٹر محمود الزھار (سابق وزیر خارجہ فلسطین و رہنما اسلامی تحریک مزاحمت حماس)
3۔ ڈاکٹر خضر حبیب (مرکزی رہنما جہاد اسلامی فلسطین)
4۔ ڈاکٹر احمد المدلل (مرکزی رہنما جہاد اسلامی فلسطین)
5۔ ڈاکٹر احمد ملی (انچارج شعبہ سیاسی حزب اللہ لبنان)
6۔ ڈاکٹر حیدر دقماق (انچارج القدس ایسوسی ایشن لبنان)

فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی جانب سے مدعو کئے گئے رہنماؤں میں سے حماس اور جہاد اسلامی فلسطین کے رہنماؤں کو ویزا کے حصولی میں ناکامی کے باعث شرکت سے محروم رہنا پڑا جبکہ ایران اور حزب اللہ لبنان کے رہنماؤں نے پاکستان میں منعقد ہونے والے پروگراموں میں شرکت کی۔

29 جولائی 2012ء:

ایران اور لبنان سے تشریف لانے والے معزز مہمانان گرامی کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر خوش آمدید کیا گیا جس کے بعد مہمانان گرامی کو ہوٹل روانہ کیا گیا۔

بین الاقوامی یکجہتی فلسطین کانفرنس 2012ء، اسلام آباد:
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ’’ بین الاقوامی یکجہتی فلسطین کانفرنس ‘‘ بعنوان ’’ فلسطین، فلسطینیوں کا وطن ‘‘ کا انعقاد کیا گیا جس میں مندرجہ ذیل مہمانان گرامی نے شرکت کی۔

1۔ ڈاکٹر شیخ الاسلام (ممبر پارلیمنٹ و انچارج عالمی انتفاضہ فلسطین کانفرنس ایران)
2۔ ڈاکٹر احمد ملی (انچارج شعبہ سیاسی امور حزب اللہ لبنان)
3۔ ڈاکٹر حیدر دقماق (انچارج القدس ایسوسی ایشن لبنان)
4۔ شیخ رشید احمد (سابق وفاقی وزیر و سربراہ عوامی مسلم لیگ پاکستان)
5۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری (مرکزی سیکریٹری جنرل، مجلس وحدت مسلمین پاکستان)
6۔ علامہ قاضی احمد نورانی (رہنما جمعیت علماء پاکستان و فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان)
7۔ آغا مرتضیٰ پویا (رہنما پاکستان عوامی تحریک)
8۔ علامہ امین شہیدی (ڈپٹی سیکریٹری جنرل، مجلس وحدت مسلمین پاکستان)
9۔ جے سالک (سربراہ اقلیتی فورم)
10۔ صابر کربلائی (مرکزی ترجمان، فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان)

بین الاقوامی یکجہتی فلسطین کانفرنس میں پاکستان کی سیاسی و مذہبی جماعتوں بشمول عوامی نیشنل پارٹی، جمعیت علماء پاکستان، جمعیت علماء اسلام ( ف )، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، امامیہ آرگنائزیشن، انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن، مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن، ہیومن رائٹس سمیت متعدد اداروں اور تنظیموں سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

علماء و اکابرین کا اجلاس:
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی دعوت پر تشریف لائے ہوئے مہمانان گرامی کے اعزاز میں اسلام آباد کے علماء و اکابرین نے ایک خصوصی نشست کا اہتمام کیا جس میں ایران سے تشریف لائے ہوئے ممبر پارلیمنٹ و انچارج انتفاضہ فلسطین کانفرنس ڈاکٹر حسین شیخ الاسلام، حزب اللہ لبنان کے سیاسی شعبہ کے انچارج جناب ڈاکٹر احمد ملی، القدس ایسوسی ایشن لبنان کے سربراہ ڈاکٹر حیدر دقماق، فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی ترجمان صابر کربلائی نے شرکت کی جبکہ دیگر مہمانان گرامی میں مندرجہ ذیل علماء و اکابرین نے شرکت کی۔

1۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری (مرکزی سیکریٹری جنرل، مجلس وحدت مسلمین پاکستان)
2۔ علامہ امین شہیدی (ڈپٹی سیکریٹری جنرل، مجلس وحدت مسلمین پاکستان)
3۔ مولانا سید افتخار حسین نقوی (مرکزی رہنما، شیعہ علماء کونسل)
4۔ آغا مرتضیٰ پویا (رہنما پاکستان عوامی تحریک)
5۔ ڈاکٹر عابد رؤف (مرکزی رہنما جمعیت علماء اسلام ( ف ) )
6۔ کرنل ( ر ) نادر بیگ

30 جولائی 2012ء:

حزب اللہ لبنان کے رہنما ڈاکٹر احمد ملی اور القدس ایسوسی ایشن لبنان کے رہنما ڈاکٹر حیدر دقماق کراچی پہنچے۔

دعوت افطار:
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی دعوت پر تشریف لائے ہوئے حزب اللہ لبنان کے رہنما ڈاکٹر احمد ملی اور القدس ایسوسی ایشن لبنان کے سربراہ ڈاکٹر حیدر دقماق کے اعزاز میں کراچی میں مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے دعوت افطار اور ایک اہم اجلاس کا اہتمام مجلس وحدت مسلمین کے انچولی سوسائٹی میں واقع ڈویژنل دفتر میں کیا گیا۔ اس موقع پر امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کراچی ڈویژن کے صدر اپنی کابینہ سمیت موجود تھے۔ بعد ازاں مجلس وحدت مسلمین کراچی کی جانب سے حزب اللہ لبنان کے رہنما کو اعزازی شیلڈ پیش کی گئی اور زبردست نعروں سے خراج تحسین پیش کیا گیا۔

31 جولائی 2012ء:

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما تاج حیدر سے ملاقات:
حزب اللہ کے وفد نے پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما تاج حیدر سے ان کے دفتر میں ملاقات کی، وفد میں حزب اللہ لبنان کے سیاسی شعبہ کے انچارج ڈاکٹر احمد ملی کے علاوہ القدس ایسوسی ایشن لبنان کے سربراہ ڈاکٹر حیدر دقماق اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی ترجمان صابر کربلائی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما کے تاج حیدر کا کہنا تھا کہ حزب اللہ ایک سیاسی قوت اور حقیقت ہے جسے کسی صورت فراموش نہیں کیا جا سکتا اور حزب اللہ کی حمایت ہر موقع اور ہر فورم پر جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر حزب اللہ لبنان کے رہنما ڈاکٹر احمد ملی نے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما تاج حیدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج حزب اللہ پہلے سے زیادہ مضبوط اور طاقتور ہے اور یہی وجہ ہے کہ عالمی دہشت گرد امریکہ اور اسرائیل حزب اللہ سے خوفزدہ ہیں۔

مسجد میں عوام سے خطاب:
حزب اللہ لبنان کے رہنما ڈاکٹر احمد ملی اور القدس ایسوسی ایشن کے رہنما ڈاکٹر حیدر دقماق نے کراچی کے علاقے سادات کالونی فیڈرل بی ایریا میں ایک مسجد خیرالعمل میں بعد نماز ظہرین عوام سے خطاب کیا۔ اس موقع پر سیکڑوں کی تعداد میں لوگ موجود تھے جنہوں نے حزب اللہ کے رہنما کو نعروں کی گونج میں استقبال کرتے ہوئے خوش آمدید کہا۔ نماز کے بعد مسجد میں حزب اللہ کے رہنما ڈاکٹر احمد ملی نے خطاب کرتے ہوئے لوگوں کو شکریہ ادا کیا اور حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصر اللہ کا سلام پہنچاتے ہوئے کہا کہ حزب اللہ ان دنوں میں چھ سال پہلے اسرائیل سے لڑی جانے والی 33 روزہ جنگ کی کامیابیوں کی سالگرہ منا رہی ہے اور میں ان دنوں آپ کے درمیان موجود ہوں، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سے ہمارا رشتہ خون سے بھی زیادہ مضبوط رشتہ ہے اور میں جانتا ہوں کہ پاکستان کے عوام حزب اللہ اور حزب اللہ کی قیادت سے کس حد تک محبت کرتے ہیں، حزب اللہ آپ کے جذبات اور محبتوں کا شکریہ ادا کرتی ہے۔

خواتین کے ساتھ نشست:
حزب اللہ لبنان کے رہنما ڈاکٹر احمد ملی اور القدس ایسوسی ایشن کے سربراہ ڈاکٹر حیدر دقماق کے اعزاز میں مجلس وحدت مسلمین، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، امامیہ آرگنائزیشن کے شعبہ خواتین نے ایک خصوصی نشست کا اہتمام کیا جس میں ڈاکٹر حیدر دقماق اور ڈاکٹر احمد ملی نے خطاب کیا۔

آل پارٹیز کانفرنس:
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی اپیل پر جماعت اسلامی کراچی نے حزب اللہ کے رہنما ڈاکٹر احمد ملی اور القدس ایسوسی ایشن لبنان کے رہنما ڈاکٹر حیدر دقماق کے اعزاز میں آل پارٹیز کانفرنس بعنوان ’’ فلسطین، فلسطینیوں کا وطن ‘‘ کا انعقاد کیا جس میں ملک بھر میں کام کرنے والی سیاسی و مذہبی جماعتوں بشمول، پاکستان پیپلز پارٹی، پاکستان مسلم لیگ ( نواز )، جمعیت علماء پاکستان، جمعیت علماء اسلام، عوامی مسلم لیگ پاکستان، انصار الامہ، مسلم کونسل، جماعت اسلامی آزاد کشمیر سمیت فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی ترجمان صابر کربلائی سمیت متعدد تنظیموں اور اداروں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

بین الاقوامی یکجہتی فلسطین کانفرنس کراچی:
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام 31 جولائی کو کیتھولک گراؤنڈ میں بین الاقوامی یکجہتی فلسطین کانفرنس بعنوان ’’ فلسطین، فلسطینیوں کا وطن ‘‘ کا انعقاد کیا گیا جس میں حزب اللہ لبنان کے رہنما ڈاکٹر احمد ملی سمیت القدس ایسوسی ایشن لبنان کے سربراہ ڈاکٹر حیدر دقماق مہمان خصوصی تھے جبکہ دیگر مقررین میں مندرجہ ذیل علماء و رہنما شامل تھے۔

1۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری (مرکزی سیکریٹری جنرل، مجلس وحدت مسلمین پاکستان)
2۔ علامہ عباس کمیلی (سربراہ جعفریہ الائنس پاکستان)
3۔ علامہ قاضی احمد نورانی (رہنما جمعیت علماء پاکستان و فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان)
4۔ محمد حسین محنتی (امیر جماعت اسلامی پاکستان کراچی)
5۔ محفوظ یار خان ایڈووکیٹ (رہنما، عوامی مسلم لیگ پاکستان)

اس موقع جو شخصیات پروگرام میں شریک تھیں ان کی نام درج ذیل ہیں۔

1۔ مولانا مرزا یوسف حسین (مرکزی محرک، آل پاکستان شیعہ ایکشن کمیٹی)
2۔ مولانا حیدر عباس عابدی (رکن شوریٰ عالی، ایم ڈبلیو ایم)
3۔ مولانا باقر زیدی (جنرل سیکریٹری، ہیئت آئمہ مساجد و علمائے امامیہ پاکستان)
4۔ مولانا صادق رضا تقوی (رہنما ایم ڈبلیو ایم)
5۔ صابر کربلائی (مرکزی ترجمان، فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان)
6۔ علامہ آفتاب حیدر جعفری (ذاکر اہلبیت ؑ)
7۔ شبر رضا (جعفریہ الائنس)

کانفرنس میں شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی جبکہ سیاسی و مذہبی جماعتوں کے کارکنوں سمیت سول سوسائٹی کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ اس موقع پر فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام تصویری نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔

01 اگست 2012ء:

جامعہ کراچی میں اساتذہ کرام سے ملاقات:
حزب اللہ لبنان کے رہنما ڈاکٹر احمد ملی اور القدس ایسوسی ایشن کے رہنما ڈاکٹر حیدر دقماق نے یکم اگست کی صبح پاکستان کی سب سے بڑی درسگاہ جامعہ کراچی کے شعبہ سیاسیات کا دورہ کیا اور شعبہ کے چیئرمین ڈاکٹر احمد قادری سے ملاقات کی اس موقع پر ان کے ہمراہ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سرپرست رکن علامہ قاضی احمد نورانی اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی ترجمان صابر کربلائی بھی موجود تھے جبکہ اساتذہ کرام میں ڈاکٹر احمد قادری کے علاوہ ڈاکٹر محمد علی بشیر، محبوب علی مقدم، کامران خان سمیت دیگر موجود تھے۔ اس موقع پر شعبہ سیاسیات کے چیئرمین ڈاکٹر احمد قادری نے حزب اللہ کے رہنما کو شعبہ کا دورہ کروایا اور شعبہ میں پڑھائے جانے والے مضامین کے عنوان سے بریفنگ بھی دی۔

پاکستان میں موجود نمائندہ ولی فقیہ حضرت آیت اللہ ابو الفضل بہاؤالدینی سے ملاقات:
حزب اللہ کے وفد نے حزب اللہ لبنان کے رہنما ڈاکٹر احمد ملی کی قیادت میں پاکستان میں موجود نمائندہ ولی فقیہ حضرت ابوالفضل بہاؤالدینی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اس موقع پر ان کے ہمراہ القدس ایسوسی ایشن کے سربراہ ڈاکٹر حیدر دقماق، فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی ترجمان صابر کربلائی بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران رہبر معظم آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے نمائندے آیت اللہ بہاؤالدینی نے حزب اللہ کے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ یہ خوش آئند بات ہے کہ حزب اللہ لبنان کا وفد پاکستان میں ہے، انہوں نے حزب اللہ کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ حزب اللہ ایک اصولی اور سیاسی تحریک ہے جس کا وجود مستضعفین کے لئے امید کی کرن ہے۔

پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما سلیم ضیاء سے ملاقات:
حزب اللہ لبنان کے وفد نے حزب اللہ کے رہنما ڈاکٹر احمد ملی کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ ( نواز ) کے مرکزی رہنما سلیم ضیاء سے ملاقات کی اس موقع پر وفد میں القدس ایسوسی ایشن کے سربراہ ڈاکٹر حیدر دقماق اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی ترجمان صابر کربلائی موجود تھے جبکہ پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنماؤں میں اظہر ہمدانی، تنویر تنولی سمیت دیگر بھی شریک تھے۔ ملاقات کے دوران پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما سلیم ضیا کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ فلسطینی کاز کی حمایت کی ہے اور ہمیشہ کرتے رہیں گے، ان کا کہنا تھا کہ حزب اللہ کی جدوجہد کی حمایت کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ مستقبل میں بھی تعاون جاری و ساری رہے گا۔

پریس کانفرنس:
حزب اللہ لبنان کے وفد نے ڈاکٹر احمد ملی کی قیادت میں کراچی پریس کلب کا دورہ کیا اور صحافیوں سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کیا اس موقع پر القدس ایسوسی ایشن لبنان کے سربراہ ڈاکٹر حیدر دقماق، جمعیت علماء پاکستان کے رہنما علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی، عوامی مسلم لیگ پاکستان کے رہنما محفوظ یار خان سمیت فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی ترجمان صابر کربلائی بھی موجود تھے۔

امامینز کی جانب سے منعقدہ افطار میں شرکت:
حزب اللہ لبنان کے وفد نے حزب اللہ لبنان کے رہنما ڈاکٹر احمد ملی کی قیادت میں القدس ایسوسی ایشن لبنان کے سربراہ ڈاکٹر حیدر دقماق اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی ترجمان صابر کربلائی نے امامنینز کراچی کے زیر اہتمام حزب اللہ کے وفد کے اعزاز میں رکھی گئی ایک افطار پارٹی میں شرکت کی جبکہ اس موقع پر حزب اللہ لبنان کے رہنما ڈاکٹر احمد ملی نے شرکائے افطار سے خطاب بھی کیا۔

فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے کارکنوں سے خصوصی ملاقات:
حزب اللہ لبنان کے رہنما ڈاکٹر احمد ملی، القدس ایسوسی ایشن لبنان کے سربراہ ڈاکٹر حیدر دقماق نے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی ورکنگ کمیٹی سے خصوصی ملاقات کی اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی دعوت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی فلسطینی کاز کے حوالے سے کی جانے والی سرگرمیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے میڈیا سیل کے انچارج علی احمر، شعبہ نشر و اشاعت ظہیر حیدر، شعبہ آئی ٹی ذیشان حیدر، شعبہ بین الاقوامی تعلقات سمیت مرکزی ترجمان صابر کربلائی اور دیگر موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 185386
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش