0
Monday 6 Aug 2012 18:38

یوم علی علیہ السلام پر فول پروف سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے، ڈی سی او لاہور

یوم علی علیہ السلام پر فول پروف سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے، ڈی سی او لاہور
اسلام ٹائمز۔ ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسر نورالامین مینگل نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ 21 رمضان المبارک کو یوم شہادت حضرت علی (ع) کے موقع پر فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت یا سستی کا مظاہرہ نہ کیا جائے۔ وہ ٹاؤن ہال میں اس حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ جس میں محکمہ پولیس، سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ، ٹی ایم اوز، سول ڈیفنس، سوئی گیس، واسا اور دیگر محکموں کے افسران کے علاوہ علماء کرام بھی موجود تھے۔

اجلاس میں 21 رمضان المبارک کو منعقد ہونے والے مرکزی جلوس کے روٹ ، صفائی، حفاظتی انتظامات اور دیگر امور کو زیر بحث لایا گیا۔ ڈی سی او نے ہدایت کی کہ  18 رمضان المبارک کی شام کو امام بارگاہ کربلا گامے شاہ کے گردونواح میں کلوز سرکٹ ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے، سکیورٹی کے معاملات کی دیکھ بھال کے لئے اے ڈی سی (ریونیو) نادر چٹھہ کی نگرانی میں کنٹرول روم قائم کیا جائے گا، پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ ساتھ اہل تشیع کے 300 خواتین اور 400 مرد رضا کار بھی ڈیوٹی دیں گے۔

ڈی سی او نے واسا حکام کو ہدایت کی کہ وہ سیوریج نالوں کی صفائی اور پانی کی نکاسی کو یقینی بنائے، لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی جلوس کے روٹ پر ہر قسم کی صفائی کی ذمہ دار ہو گی جبکہ محکمہ سوئی گیس، واسا اور لیسکو کے ایس ڈی او جلوس کے ساتھ موجود رہیں گے۔ ڈی سی او نے لیسکو حکام کو ہدایت کی کہ کھمبوں اور لٹکتی تاروں کے ذریعے کرنٹ لگنے کے امکانات کا مکمل خاتمہ کر ے ورنہ ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ڈی سی او نے کہا کہ جلوس کے روز لوڈشیڈنگ نہ کی جائے تاہم ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے 3 جنریٹرز فراہم کیے جائیں گے، انہوں نے سٹریٹ لائٹس درست کرانے کی ہدایت بھی کی۔

ڈی سی او نے شرکاء سے اپیل کی کہ وہ دن کی روشنی میں جلوس کے اختتام کی کوشش کریں بالخصوص آخری گھنٹے کے دوران حفاظتی نقطہ نظر سے کسی قسم کی غفلت کا مظاہرہ نہ کیا جائے۔ ڈی سی او نے ریسکیو اور ایمبولینس گاڑیوں بمعہ عملہ کی جلوس کے ساتھ موجودگی کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ ڈی سی او نے واسا، ٹی ایم ایز اور لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ملازموں کو ہدایت کی کہ وہ جلوس کے ساتھ ڈیوٹی کے دوران ریفلیکٹر جیکٹس کا استعمال کریں۔ اس موقع پر محکمہ سول ڈیفنس کے افسر نے بتایا کہ بم ڈسپوزل سکواڈ کی دو ٹیمیں جلوس کے آگے اور دو پیچھے موجود رہیں گی نیز محکمہ شہری دفاع کے 150 رضا کار بھی جلوس کے ساتھ موجود ہونگے۔

ڈی سی او نے ٹریفک پولیس کو زائد نفری تعینات کرنے اور محفوظ فورس رکھنے کا حکم بھی دیا ہے۔ اُنہوں نے بتایا کہ پارکنگ کے لیے موچی گیٹ باغ، ناصر باغ اور ضلع کچہری کا احاطہ مختص ہو گا۔ اجلاس میں علامہ مشتاق جعفری، توقیر بابا، آغا حسین قزلباش، خواجہ بشارت کر بلائی، حیدر علی مرزا، خان بہادر اور دیگر علماء نے بھی اظہار خیال کیا اور مختلف تجاویز پیش کیں۔ بعد ازاں ڈی سی او نے علماء کرام اور افسران کے ہمراہ روٹ کا معائنہ کیا اور تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
خبر کا کوڈ : 185395
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش