0
Tuesday 7 Aug 2012 11:13

پانچ لاکھ شہداء کی قربانیاں رائیگان نہیں جانے دینگے، غلام صادق

پانچ لاکھ شہداء کی قربانیاں رائیگان نہیں جانے دینگے، غلام صادق
اسلام ٹائمز۔ قائمقام صدر آزاد کشمیر سردار غلام صادق نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے بھارت کو دو ٹوک موقف لے کر مذاکرات کی میز پر آنا ہوگا۔ پانچ لاکھ شہداء کشمیر کی قربانیاں کسی صورت رائیگان نہیں جانے دیں گے۔ بھارت کی آٹھ لاکھ فوج کی جارحانہ مداخلت سے مقبوضہ کشمیر کا خطہ بارود کا ڈھیر بن چکا ہے۔ اس کو تیلی دکھا دی گئی تو پھر بھارت کا شیرازہ بھی روس کی طرح بکھر جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے عوامی وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ سردار غلام صادق نے کہا کہ ملک پاکستان کے استحکام، جمہوری اداروں کی مضبوطی اور پارلیمنٹ کی بالادستی کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو مل کر کردار ادا کرنا ہو گا۔ کشمیری عوام صدر پاکستان آصف علی زرداری اور وزیراعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف کی شکر گزار ہیں۔ جنہوں نے آزاد کشمیر کی ترقی کے لیے جامع پروگرام ترتیب دیا ہے۔ ہائیڈرل اور سیاحت کو ترقی دینے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں، رسل و رسائل کے لیے تمام اضلاعی رابطہ سڑکوں کو عالمی معیار کے مطابق بنایا جا رہا ہے اس سے تعمیر و ترقی کے لیے مثبت اقدامات ہو سکیں گے۔ 

قائم مقام صدر نے کہا کہ پیپلز پارٹی جب بھی برسراقتدار آئی آزاد کشمیر کی ترقی اور مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے مئوثر آواز بلند ہوئی یہی وجہ ہے کہ عوامی عدالت کا فیصلہ پی پی کے حق میں رہا ہے۔ تعلیمی میدان میں بہتر پیش رفت ہو رہی ہے۔ سردار غلام صادق نےکہا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان مسئلہ کشمیر پر فیصلہ کن رائونڈ ہونا چاہیے۔ اقوام متحدہ کی تسلیم شدہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہی مسئلہ کا حل نکل سکتا ہے۔ بھارت کشمیر کے بعد آسام میں بھی مسلمانوں پر مظالم ڈھا رہا ہے۔ یہ قابل مذمت ہے یہ سارے حربے مسئلہ کشمیر سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے لیے کیے جا رہے ہیں، جنہیں کشمیری عوام برداشت نہیں کر سکتے، آزادی کا حق لینے کے لیے ہر قدم اٹھائیں گے۔

خبر کا کوڈ : 185528
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش