QR CodeQR Code

عدلیہ کی بے توقیری کرنے والے اپنے عزائم میں تنہا رہ جائیں گے، لیاقت بلوچ

7 Aug 2012 20:20

اسلام ٹائمز: جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل نے گزشتہ روز صنعتی ادارے البدر انجینئرنگ میں افسران، کارکنان اور معززین کے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معرکہ بدر میں اصول طے ہو گیا کہ وہی قومیں سرخرو ہوتی ہیں جو اصولوں اور غیرت و حمیت کا علم بلند رکھتی ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ عدلیہ کیخلاف لڑنے کا منصوبہ خود پارلیمنٹرینز ناکام بنا دیں گے۔ صدر آصف زرداری کی خواہشات کی تکمیل کے لیے حکمران جماعتوں کے ممبران پارلیمنٹ جمہوریت، پارلیمانی نظام کے خاتمہ کے لیے موت کے پروانے گلے میں نہیں لٹکائیں گے۔ اداروں کے درمیان تصادم اور عدلیہ کی بے توقیری کرنے والے اپنے عزائم میں تنہا رہ جائیں گے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی مکمل ناکامی کے بعد حالات کی بہتری اور عوام میں عزم نو پیدا کرنے کا واحد آپشن فوری انتخابات ہیں۔ شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات قومی سلامتی کے ضامن ہوں گے۔ عوام اہل، دیانتدار اور خدمت کے معیار کے مطابق نمائندوں کا انتخاب کریں گے تو ملک آزاد، باوقار اور خوشحال ہوگا۔ ان خیالات انہوں نے گزشتہ روز صنعتی ادارے البدر انجینئرنگ میں افسران، کارکنان اور معززین کے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ معاشی حالات حکمرانوں کی کرپشن نااہلی اور بدانتظامی کی وجہ سے تباہی کے کنارے پہنچ گئے ہیں۔ ملک میں وسائل اور اللہ کی دی ہوئی نعمتوں کی کمی نہیں ہے۔ کرپشن، کمیشن کھانے اور کشکول پھیلا کر قومی عزت کی نیلامی بند کرنے کے لیے ناگزیر ہے کہ امانت دیانت، خود انحصاری کے ساتھ نیا اقتصادی نظام لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صنعت، زراعت اور تجارت کا پہیہ چلانے کے لیے حکومتیں نمائشی کام بند کریں اور بلاتعطل پاور سپلائی کے اقدامات کریں۔ ملک میں سودی نظام کا خاتمہ از بس ضروری ہو گیا ہے۔ صنعتکار، تاجر اور سرمایہ کار کی جان، مال، عزت کا تحفظ رکھا جائے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ معرکہ بدر سے کفر کی طاقتوں کی شکست اور اسلام کے غلبہ کے دروازے کھل گئے۔ نبی مہربان صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھیوں نے قلب و نظر، فکر و عمل، عزم و ہمت کو اللہ کے ساتھ خالص کر لیا تو سب مشکلات ختم ہوئیں۔ ترقی، عظمت اور کامیابی کے راستے کھل گئے۔ معرکہ بدر میں اصول طے ہو گیا کہ وہی قومیں سرخرو ہوتی ہیں جو اصولوں اور غیرت و حمیت کا علم بلند رکھتی ہیں۔


خبر کا کوڈ: 185711

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/185711/عدلیہ-کی-بے-توقیری-کرنے-والے-اپنے-عزائم-میں-تنہا-رہ-جائیں-گے-لیاقت-بلوچ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org