QR CodeQR Code

قبلہ اول کی آزادی کیلئے آواز بلند کرنا ہر مسلمان پر فرض ہے،علامہ اقبال کامرانی

7 Aug 2012 20:53

اسلام ٹائمز:القدس کمیٹی کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم لاہور کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت، ضلعی انتظامیہ اور پی ایچ اے یوم القدس کے تشہیری مہم کو مٹانے اور اشتہارات کی بے ادبی سے باز رہیں کیونکہ یہ تشہیری مہم کسی کی ذاتی نہیں بلکہ صرف اور صرف قبلہ اول اور مظلوم فلسطینی مسلمانوں کی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین ضلع لاہور کے سیکرٹری جنرل علامہ محمد اقبال کامرانی نے القدس کمیٹی کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یوم القدس کو یوم اللہ قرار دیا گیا ہے، ہر مسلمان پر فرض ہے کہ قبلہ اول کی آزادی کے لئے آواز بلند کرئے اور استعماری قوتوں سے اظہار نفرت اور بیزاری کرے۔ القدس کمیٹی کے ارکان کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ہر مکتب فکر کے لوگوں کو دعوت دیں اور اس دن کی اہمیت سے آگاہ کریں تاکہ جمعۃ الوداع کو تمام مسلمان یک زبان ہو کر قبلہ اول کی آزادی کے لئے آواز اٹھائیں۔

انہوں نے پنجاب حکومت، ضلعی انتظامیہ اور پی ایچ اے سے مطالبہ کیا کہ یوم القدس کے تشہیری مہم کو مٹانے اور اشتہارات کی بے ادبی سے باز رہیں کیونکہ یہ تشہیری مہم کسی کی ذاتی نہیں بلکہ صرف اور صرف قبلہ اول اور مظلوم فلسطینی مسلمانوں کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین نے لاہور میں یوم القدس کے دعوتی بینرز اور پینا فلیکس آویزاں کئے ہیں جنہیں پی ایچ اے کے ارکان نے ہٹانے کی کوشش کی ہے ہم ان پر واضح کرتے ہیں کہ یہ ہمارا ملی فریضہ ہے بطور مسلمان ہم پر فرض ہے کہ ہم اپنے فلسطینی بھائیوں کی حمایت میں آواز بلند کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں توقع ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور پی ایچ اے کے اہلکار فلسطینی بھائیوں سے اپنی محبت کے اظہار کے طور پر ہمارے بینرز اور پینا فلیکس کو نہیں چھیڑیں گے۔ اس موقع ایم ڈبلیو ایم لاہور کے ترجمان مظاہر شکری نے کہا کہ امام خمینی (رہ) کے حکم سے آج پوری دنیا کے غیرت مند مسلمان اپنے فلسطینی بھائیوں سے اظہار یک جہتی کرتے ہیں اور وہ دن دور نہیں جب پوری دنیا میں امت مسلمہ متحد ہو کر اسرائیل کو صفحہ ہستی سے مٹا دے گی۔ مظاہر شگری نے کہا کہ اگر مسلمان متحد ہو کر ایک ایک بالٹی بھی اسرائیل کی جانب بہا دیں تو یہ اس پانی میں غرق ہو کر تباہ ہو جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 185719

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/185719/قبلہ-اول-کی-آزادی-کیلئے-آواز-بلند-کرنا-ہر-مسلمان-پر-فرض-ہے-علامہ-اقبال-کامرانی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org