0
Tuesday 7 Aug 2012 23:27

شفاف الیکشن کے لیے غلطیوں سے پاک انتخابی فہرستیں ضروری ہیں، صدر زرداری

شفاف الیکشن کے لیے غلطیوں سے پاک انتخابی فہرستیں ضروری ہیں، صدر زرداری
اسلام ٹائمز۔ پیپلزپارٹی کے کورکمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے پارلیمنٹ کے اختیار کو کسی قیمت پر کم نہیں ہونے دیا جائے گا، نہ ہی قانون سازی کے حق سے دستبردار ہونگے جبکہ صدر زرداری کا کہنا تھا کہ موجودہ انتخابات آئین کے مطابق مقررہ وقت پر ہونگے، قانون سازی صرف پارلیمنٹ کا اختیار ہے۔ صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں کہا گیا ہے کہ قانون اور آئین کے اندر رہتے ہوئے منتخب پارلیمنٹ کے علاوہ قانون سازی طاقت کے نئے مراکز کے ابھرنے کیخلاف مزاحمت کی جائے گی۔ قانون سازی منتخب نمائندوں کی ذمہ داری ہے جسے کسی قیمت پر نہیں چھوڑا جائیگا۔ آئندہ عام انتخابات قانون کے مطابق مقررہ وقت پر ہوں گے۔ پارٹی عام انتخابات کی تیاری کرے ہم کبھی عوام کے سامنے جانے سے نہیں گھبرائیں گے۔ 

صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم کی زیرصدارت ایوان صدر میں وفاقی وزراء اور پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماﺅں کا اجلاس ہوا۔ اجلاس کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے صدر کے ترجمان سینیٹر فرحت اللہ بابر نے بتایا کہ اجلاس میں انتخابات کی تیاری، توانائی بحران پر قابو پانے اور حکومت کو درپیش آئینی چیلنجز سمیت ملک کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان نے بتایا کہ اجلاس کے دوران صدر نے پارٹی رہنماﺅں پر زور دیا کہ وہ مستقبل کے انتخابات کی تیاریوں کو تیز کردیں۔ 

الیکشن سے متعلق صدر نے زور دیکر کہا کہ آئین کے مطابق قانونی مشاورت اور اتحادی شراکت داروں سے مشاورت کے تحت وقت پر منعقد ہونگے۔ صدر نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے انتخابی فہرستوں کے مکمل ہونے کا اعلان کردیا ہے اور انتخابی فہرستیں نمایاں کردی گئیں ہیں۔ انہوں نے پارٹی قیادت کو ہدایت کی ہے کہ یہ یقینی بنایا جائے کہ ہر رکن قومی اسمبلی و صوبائی اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈر ووٹر فہرستوں کو چیک کریں تاکہ ان میں سے کسی ووٹر کا اندراج رہ نہ جائے، شفاف الیکشن کے لیے غلطیوں سے پاک انتخابی فہرستیں ضروری ہیں۔ اور کسی بھی کمی کی الیکشن کمیشن کو رپورٹ کی جائے۔ 

ايوان صدر اسلام آباد ميں پاکستان پيپلز پارٹی کے مخصوص وفاقی وزراء اور مرکزی رہنماوں کے اجلاس ميں بلاول بھٹو زرداری نے بھی شرکت کی۔ صدارتی ترجمان کے مطابق وزيرقانون و انصاف فاروق ايچ نائيک نے قانونی چيلنجز سے نمٹنے اور مستقبل کی حکمت عملی پر بريفنگ دی، اجلاس کے شرکاء نے حکومتی حکمت عملی پر اطمينان کا اظہار کيا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ اسمبليوں کی مدت ختم ہونے پر عام انتخابات کا انعقاد ايک اور سنگ ميل ہوگا اور عام انتخابات کے بروقت انعقاد سے جمہوريت اور سياسی عمل کو مضبوطی ملے گی، اجلاس ميں وزير پانی و بجلی احمد مختار نے بريفنگ ديتے ہوئے کہا کہ آئندہ دنوں ميں ايندھن کے ليے مالی وسائل کی فراہمی اور ڈيموں ميں پانی کی سطح بلند ہونے سے پيداوار ميں اضافہ ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 185740
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش