0
Thursday 9 Aug 2012 14:50

حضرت علی المرتضیٰ کا یوم شہادت کل نہایت عقیدت و احترام کیساتھ منایا جائے گا

حضرت علی المرتضیٰ کا یوم شہادت کل نہایت عقیدت و احترام کیساتھ منایا جائے گا
اسلام ٹائمز۔ امیر المومنین حضرت علی المرتضیٰ (ع) کا یوم شہادت 21 رمضان المبارک بمطابق 10 اگست بروز جمعۃ المبارک ملک بھر میں نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا، یوم شہادت کے سلسلے میں پاکستان کے چاروں صوبوں، وفاقی دارالحکومت، شمالی علاقہ جات سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبات میں مختلف تقاریب و سیمینارز منعقد ہونگے۔

صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے تمام چھوٹے بڑے شہروں کی مساجد میں جمعۃ المبارک کے اجتماعات میں خصوصی خطبوں میں علماء و خطیب حضرات حضرت علی المرتضیٰ (ع) کی دین ا سلام کیلئے پیش کی گئی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کریں گے جبکہ امام بارگاہوں میں مجالس عزاء منعقد ہونگی جہاں علماء و ذاکرین فلسفہ شہادت علی(ع) بیان کریں گے، بڑے بڑے ماتمی جلوس نکالے جائیں گے اس دوران عزادار زنجیر زنی کریں گے۔

علاوہ ازیں پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے سیرت حضرت علی(ع) اور فضائل اجاگر کیے جائیں گے ملک بھر کے اخبارات یوم علی(ع) کی مناسبت سے سپیشل ایڈیشن شائع کریں گے جبکہ سرکاری و نجی ٹی وی چینلز سے خصوصی پروگرام نشر کیے جائیں گے۔ امیر المومنین حضرت علی المرتضیٰ(ع) کو ان کی بے مثل شجاعت و بہادری پر شیرخدا کا لقب عطاء ہوا دنیا بھر میں پاکستان کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ یہاں کا سب سے بڑا فوجی اعزاز جو کہ بعد از شہادت عطا کیا جاتا ہے حیدر کرار حضرت علی(ع) کی بہادری و شجاعت سے منسوب ’’نشان حیدر‘‘ ہے۔

پاکستان کا یہ سب سے بڑا عسکری اعزاز نشان حیدر پاک فوج کے 11 بہادر جوانوں کو بعدازشہادت عطا کیا جا چکا ہے۔ حضرت علی(ع) کو 19 رمضان المبارک 40 ہجری کو عبدالرحمن ابن ملجم خارجی نے اس وقت جامع مسجد کوفہ میں تلوار کے وار سے شدید زخمی کر دیا تھا جب آپ (ع) فجر کی نماز ادا کر رہے تھے۔ اس جان لیوا زخم کی وجہ سے شیر خدا حضرت علی المرتضیٰ(ع) 21 رمضان المبارک 40ھ کو شہید ہوئے۔ آپ(ع) کا روضہ مبارک عراق کے شہر نجف میں آج بھی کروڑوں مسلمانوں کیلئے مرجع خلائق ہے۔
خبر کا کوڈ : 186174
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش