QR CodeQR Code

تحریک انصاف کے سربراہ لبرل ہیں اور ہماری نظر میں لبرل کافر ہیں

طالبان کی عمران خان کو قتل کرنے کی دھمکی کی تردید

9 Aug 2012 18:08

اسلام ٹائمز: طالبان ترجمان نے کہا ہے کہ جو بھی انتخابات میں حصہ لے گا چاہے وہ اسلامی جماعتیں ہوں ان کو نشانہ بنایا جائے گا، انتخابی عمل سیکولر نظام کا حصہ ہے اور ہم اسے روکیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ تحریک طالبان پاکستان نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو قتل کرنے کی دھمکی دینے کی سختی سے تردید کی ہے اور کہا ہے کہ لبرل ہماری نظر میں کافر ہیں۔ ایک نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق طالبان ترجمان احسان اللہ احسان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکی خبر ایجنسی کے نمائندے کو انٹرویو میں، میں نے یہ نہیں کہا کہ ہم عمران خان کو قتل کرنے جارہے ہیں۔ اس کے اس سوال کے جواب میں کہ اگر عمران خان وزیرستان کا دورہ کریں تو ہمارا کیا رد عمل ہوگا؟ میں نے کہا کہ تحریک طالبان پاکستان کی شوریٰ فیصلہ کرے گی کہ کیا کیا جائے اور پھر عمران خان کے یقینی دورے سے ایک ہفتہ قبل اس کا اعلان کیا جائے گا۔ 

طالبان ترجمان نے کہا کہ جو بھی انتخابات میں حصہ لے گا چاہے وہ اسلامی جماعتیں ہوں ان کو نشانہ بنایا جائے گا، انتخابی عمل سیکولر نظام کا حصہ ہے اور ہم اسے روکیں گے۔ احسان اللہ نے کہا کہ یہ بالکل یقینی اور واضح ہے کہ نہ ہمیں عمران خان سے کوئی ہمدردی ہے اور نہ ہی ہمیں ان کی ہمدردی کی ضرورت ہے، جیسا کہ وہ دعویٰ کرتے ہیں کہ وہ لبرل ہیں اور ہماری نظر میں لبرل کافر ہیں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل ایک امریکی خبر ایجنسی کو انٹرویو میں طالبان ترجمان نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو دھمکی دی کہ انہوں نے ڈرون حملوں کے خلاف جنوبی وزیرستان میں احتجاجی مارچ کیا تو انھیں نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔

احسان اللہ احسان نے کہا ہے کہ ڈرون حملوں کے خلاف جو موقف عمران خان کا ہے وہی تحریک طالبان کا بھی ہے لیکن عمران خان خود کو لبرل کہتے ہیں اور طالبان کو ڈرون حملوں کے خلاف کسی لبرل کی مدد کی ضرورت نہیں ہے۔ واضح رہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے ڈرون حملوں کے خلاف امن مارچ کا اعلان کیا ہے اور اس سلسلے میں وزیرستان بھی جائیں گے۔


خبر کا کوڈ: 186177

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/186177/طالبان-کی-عمران-خان-کو-قتل-کرنے-دھمکی-تردید

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org