0
Thursday 9 Aug 2012 18:41

حضرت علی(ع) کی پوری زندگی امت مسلمہ کیلئے مشعل راہ ہے، فکر علی کانفرنس

حضرت علی(ع) کی پوری زندگی امت مسلمہ کیلئے مشعل راہ ہے، فکر علی کانفرنس
اسلام ٹائمز۔ محکمہ اوقاف و مذہبی امور کے زیر اہتمام ایوان اوقاف میں حضرت علی المرتضیٰ کرم اللہ وجہہ کے یوم شہادت کے حوالے سے سالانہ کانفرنس کا انعقاد ہوا جس کی صدارت وزیر اوقاف حاجی احسان الدین قریشی نے کی جبکہ سیکرٹری اوقاف طارق محمود پاشا مہمانِ خصوصی تھے۔ کلیدی مقالہ سید افضل حیدر نے پیش کیا۔ طارق محمود پاشا نے حضرت علی المرتضیٰ (ع) کی بہادری اور فکر و دانش کے حوالے سے آپ (ع) کی شخصیت کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا اور اس بات پر زور دیا کہ ہمیں حضرت علی المرتضیٰ (ع) کی فکر و دانش کو عملی زندگی پر لاگو کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

سید افضل حیدر نے کلیدی مقالہ میں حضرت علی المرتضیٰ (ع) کی انتظامی صلاحیتوں، اسلام کی سربلندی کیلئے ان کی خصوصی خدمات اور حضرت محمد رسول اللہ(ص) کے ساتھ بچپن سے لے کر آخری لمحے تک کے تعلق کے بارے میں عالمانہ سطح پر گفتگو کی۔ مقررین نے کہا کہ حضرت علی(ع) کی پوری زندگی امت مسلمہ کیلئے مشعل راہ ہے، آپ (ع) نے قدم قدم پر امت کی رہنمائی فرمائی ہے۔ دیگر مقررین میں مولانا عبدالخبیر آزاد، مولانا عبدالوہاب روپڑی، ڈاکٹر راغب حسین نعیمی، علامہ محمد حسین اکبر شامل تھے۔

تقریب میں وزیر اوقاف و مذہبی امور حاجی احسان الدین قریشی نے خصوصی شرکت کی اور صدارتی کلمات میں حضرت علی المرتضیٰ(ع) کے یوم شہادت کی نسبت سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت امت مسلمہ کو خلفا ء راشدین کی انتظامی صلاحیتوں، دین کیلئے جذبہ خدمت اور حضرت علی المرتضیٰ کی سمجھ بوجھ اور دینی و دنیاوی دانش سے رہنمائی حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ دیگر شرکاء میں ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور محمد حسن رضوی، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن طارق محمود جاوید و دیگر افسران اور محکمہ اوقاف کے خطباء، علماء و حفاظ نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا نعت رسول (ص) کی سعادت جمشید چشتی نے حاصل کی۔
خبر کا کوڈ : 186243
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش